ہفتہ ،13 ستمبر 2025 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

چیئرمن بلاول بھٹو زرداری نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی جانب سے سیلابی متاثرین کی بحالی کے لیے ریڈ کریسنٹ کو ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔

چیئرمان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا قصور کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، وفاقی حکومت سے فوری امداد کا مطالبہ

Editor

1 ہفتے قبل

 

 
 
 
 
قصور (خصوصی رپورٹ): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمان بلاول بھٹو زرداری نے جمعہ کے روز قصور کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
 
اس اہم دورے میں چیئرمان بلاول کے ہمراہ سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات ندیم افضل چن، پیپلز لیبر بیورو کے انچارج چوہدری منظور احمد اور پی پی پی پنجاب کے سیکریٹری حسن مرتضیٰ موجود تھے۔
 
 
موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمان بلاول نے بتایا کہ پنجاب کی انتظامیہ نے انہیں سیلاب کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبہ پنجاب سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہے اور یہاں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
 
چیئرمان پیپلز پارٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اچھا کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ مقامی حکومت، انتظامیہ، صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت سب مل کر کام کریں اور سیلاب زدگان کو زیادہ سے زیادہ مدد پہنچائیں۔
 
 
بلاول بھٹو زرداری نے یاد دلایا کہ پچھلی حکومت میں جب شہباز شریف وزیراعظم تھے اور وہ وزیر تھے، اس وقت بھی سیلاب آیا تھا اور حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سیلاب زدگان کی مدد کی تھی۔
 
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قدرتی آفات کے وقت تنقید شروع کر دینے کی عادت ہے، جبکہ اس وقت ریسکیو کا عمل جاری ہے۔ چیئرمان پیپلز پارٹی نے اپنی پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیلاب زدگان کی ہر طرح سے مدد کریں اور ریلیف اور تعمیرِ نو کے وقت بھی صوبائی حکومت کا ساتھ دیں۔
 
بلاول بھٹو نے کہا کہ اتنے بڑے سیلاب کا مقابلہ کوئی ایک حکومت نہیں کر سکتی۔ انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ پچھلی مرتبہ کی طرح اس بار بھی فوری طور پر بی آئی ایس پی کے ذریعے متاثرہ افراد تک مدد پہنچائی جائے۔
 
 
چیئرمان پیپلز پارٹی نے بتایا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ نقصان کسانوں کا ہوا ہے، کیونکہ زراعت ہمارے ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ انہوں نے درخواست کی کہ پنجاب میں زرعی ایمرجنسی نافذ کی جائے اور بیج اور کھاد کی فراہمی میں کسانوں کو سپورٹ کیا جائے۔
 
 
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کے بلوں اور قرض کی قسطوں میں بھی سیلاب زدگان کی مدد کی جائے۔ گھروں کی تعمیر تیسرے مرحلے میں آتی ہے، جہاں گھروں، کاروبار اور انفراسٹرکچر کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا۔
 
 
چیئرمان بلاول نے وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ جس طرح سندھ میں 20 لاکھ گھر بنائے جا رہے ہیں، اسی طرح پنجاب میں بھی تعمیرِ نو کا عمل شروع کیا جائے۔
 
 
 
انہوں نے بتایا کہ سیلاب نے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں بھی تباہی مچائی ہے اور وہاں بھی صوبائی حکومتوں کی مدد وفاقی حکومت کو کرنا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب متحد ہو کر تمام متاثرہ علاقوں کی حکومتوں کی مدد کریں گے۔
 
چیئرمان پیپلز پارٹی نے یاد دلایا کہ یہ سیلاب بھارت کے دریاؤں سے آیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو ماننے سے انکار کر دیا تھا۔ اس مرتبہ بھارت نے انسانیت کو بھول کر سیلاب کا ڈیٹا بروقت فراہم نہیں کیا۔
 
 
بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کے اس رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی سطح پر آواز اٹھا رہے ہیں اور بھارت کو مجبور کریں گے کہ وہ سندھ طاس معاہدہ مانے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پانی کے ذریعے دہشت گردی کر رہا ہے جو قابل برداشت نہیں۔
 
 
آخر میں چیئرمان پیپلز پارٹی نے کہا کہ وہ عوام کے مطالبات کے لیے صوبائی اور وفاقی حکومت سے بات کریں گے اور خود اس بارے میں وزیراعظم سے ذاتی ملاقات کریں گے۔
 
 
.چیئرمن بلاول بھٹو زرداری نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی جانب سے سیلابی متاثرین کی بحالی کے لیے ریڈ کریسنٹ کو ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔
 
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اس مشکل وقت میں وہ اور حکومت پنجاب متحدہ جواب کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس اور تاسف کی بات ہے کہ اس سال کے سیلاب نے پنجاب کے سیلاب زدہ خاندانوں کو تاحیات غم دیا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی ان کی ہر ممکن مدد کرے گی جب تک کہ سیلاب کے متاثرین اپنے گھروں کو واپس نہ لوٹ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ کریسنٹ کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں طبی کیمپ لگائے جا رہے ہیں اور اس کے ساتھ راشن، ادویات اور خوراک کی اشیاء بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی کا عمل حکومت پنجاب کے تعاون سے جاری رہے گا۔
Comments

No comments yet.

Effy Jewelry