ہفتہ ،13 ستمبر 2025 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

ممتاز شاعرہ رخشندہ نوید کی شعری کلیات "دیپک" کی یادگار تقریب ِ پزیرائی

محبوب ظفر

Editor

20 گھنٹے قبل

Voting Line

الحمرا لاہور آرٹ کونسل, ادارہ بیاض اور امن و آشتی کی علمبردار ادبی تنظیم روشنک کے زیرِ اہتمام اردو اور پنجابی کی ممتاز شاعرہ محترمہ رخشندہ نوید کی شعری کلیات "دیپک" کی بہت یادگار, بھرپور اور نہایت شاندار تقریب ِ پزیرائی الحمرا ہال اا میں منعقد ہوئی۔ رخشندہ نے جس طور اپنی شاعری اور شخصیت سے پوری ادبی دنیا میں اپنی جگہ بنائی ہے یہ تقریب اسی کا آئینہ تھی جس میں اہلِ قلم کی بڑی تعداد کے علاوہ لاہور کی علمی, سماجی, صحافتی اور شعر و ادب سے محبت کرنے والے باذوق خواتین و حضرات کی بہت بڑی تعداد نے تقریب۔کے اختتام تک سبھی مقررین کو پوری توجہ اور انہماک سے سماعت کیا۔

تقریب کی ابتدائی صدارت جناب عطاءالحق قاسمی نے فرمائی اور جب وہ ناسازئی طبع کے سبب رخصت ہوئے تو جناب نذیر قیصر نے صدارتی منصب کو توقیر بخشی اور اپنی دل آویز ادبی چاشنی میں گندھی رخشندہ کی شاعری کے حوالے سے ایسی گفتگو فرمائی کہ سبھی کو اپنے سحر میں لے لیا۔

چودھری اعتزاز احسن نے بھی اپنی طلسماتی شخصیت اور شاندار گفتگو سے سبھی کو اپنا اسیر کیا۔ دیگر اظہارِ خیال کرنے والوں میں آپا سلمٰی اعوان, جناب غلام حسین ساجد, محترمہ یاسمین حمید, جناب خالد شریف,جناب نجیب جمال, جناب واجد امیر, ڈاکٹر امجد طفیل, جناب نوید صادق, جناب توقیر احمد شریفی, جناب شفقت محمود, جناب اختر مرزا, ڈاکٹر عنبرین صلاح الدین, محترمہ صائمہ ارم اور محبوب ظفر نے رخشندہ کی شاعری اور شخصیت کے حوالے سے گفتگو کی۔ رخشندہ نوید کی صاحبزادی انیقہ افضل اور ان کے دلہا جناب نوید افضل نے بھی اپنی بے ساختہ اور محبت آمیز گفتگو سے سبھی کو متاثر کیا۔

بہت پیاری روحا حسنین نے رخشندہ کے لیے انگریزی نظم سنا کر تو اک سحر کی سی کیفیت طاری کر دی۔ جناب اسرار چشتی کی موسیقی اور جناب تحسین جاوید کی نہایت خوب صورت اور سریلی آواز میں رخشندہ کی غزلوں نے الگ سماں باندھا۔ پیارے شاعر جناب دانش عزیز نے اس منفرد اور یادگار تقریب کی کمال عمدہ نظامت کی۔ اختتام پر چار پانچ سو شرکائے محفل کے لیے نہایت پرتکلف عشائیے کا اہتمام و انتظام کمال تھا۔ پنجاب کے دارالخلافہ  میں ہونے والی رخشندہ نوید کی شعری کلیات کی اس تاریخی تقریب کو یقیناً بہت دیر تک یاد رکھا جائے گا۔ میرا اعزاز کہ اس بہت اچھی شاعرہ اور بہت اچھی دوست کی اس شاندار تقریب میں شریک ہوا۔

Comments

No comments yet.

Effy Jewelry