ہفتہ ،13 ستمبر 2025 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

رکن قومی اسمبلی سحر کامران کا چیئرمین قائمہ کمیٹی اطلاعات کو خط

پی ٹی وی کو سنگین مالی اور گورننس بحران کا سامنا ہے، فوری توجہ دی جائے، سحر کامران، خط

Editor

1 ہفتے قبل

Voting Line

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے چیئرمین قائمہ کمیٹی اطلاعات کو ایک خط لکھا ہے جس میں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کو درپیش سنگین مالی اور گورننس بحران پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

سحر کامران نے اپنے خط میں کہا کہ پی ٹی وی مالی مشکلات کے باعث ملازمین کو تنخواہیں دینے سے قاصر ہے اور ادارہ مکمل مفلوجی کے خطرے سے دوچار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لائسنس فیس کے خاتمے نے ریونیو ماڈل کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کے باعث پی ٹی وی واجبات کی ادائیگی بھی نہیں کر پا رہا۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ بڑھتے ہوئے واجبات اور مالی بحران سے ادارہ جاتی مفلوجی کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے جبکہ متنازع اور سیاسی بنیادوں پر کی گئی تقرریوں نے پی ٹی وی کو مزید کمزور کیا ہے۔ خط میں کہا گیا کہ غیر پیشہ ورانہ فیصلوں نے ادارے کے معیار اور ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

سحر کامران نے اپنے خط میں اینکر رضوان الرحمان (رضی) کے توہین آمیز تبصرے کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ اس بیان نے پی ٹی وی کی ساکھ کو مزید متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کمیٹی سے مطالبہ کیا کہ رضوان الرحمان کے وی لاگ پر تحقیقات کی جائیں اور وزارت اطلاعات اس حوالے سے اپنی کارروائی کی رپورٹ پیش کرے۔

انہوں نے زور دیا کہ وزارت اطلاعات فوری طور پر ایک اصلاحاتی روڈ میپ تیار کرے، جس میں مالی استحکام، میرٹ پر تقرریاں اور معیاری پروگرامنگ شامل ہو۔ سحر کامران نے کہا کہ ادارے کی ساکھ اور اعتبار کی بحالی کے لیے پروفیشنل اور ہائی کوالٹی پروگرامنگ ناگزیر ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کمیٹی آئندہ اجلاس کے ایجنڈے میں ان معاملات کو ترجیح دے۔

Comments

No comments yet.

Effy Jewelry