ہفتہ ،13 ستمبر 2025 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان کول ایسوسی ایشن کے وفد سے گورنر پنجاب کی ملاقات

گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان کول ایسوسی ایشن کے وفد سے گورنر پنجاب کی ملاقات

Editor

ایک ماہ قبل

Voting Line
 
لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان کول ایسوسی ایشن کے وفد کی صدر محمد ثقلین عباس کی قیادت میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کول ایسوسی ایشن کے مسائل کے فوری حل کے لیے گورنر ہاؤس کی جانب سے بھرپور کردار ادا کرنے کا یقین دلایا۔  
 
گورنر سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے تھر کے کوئلے سے توانائی حاصل کر کے ملکی معیشت میں انقلاب برپا کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے تھر کول بلاک 2 کے منصوبے کے ذریعے اب تک 17,000 سے زائد مقامی افراد کو روزگار مہیا کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کو موجودہ توانائی کے بحران سے نکالنے کا واحد حل تھرپارکر کے کوئلے کے ذخائر ہیں۔  
 
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے تھرکول پر کام شروع کیا تھا، لیکن ان کی حکومت ختم ہوتے ہی یہ منصوبہ رک گیا۔ 2008ء میں صدر آصف علی زرداری نے شہید بینظیر بھٹو کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے تھرکول پر دوبارہ کام شروع کروایا۔ انہوں نے پاکستان کول ایسوسی ایشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایسوسی ایشن ملک بھر کی صنعتوں کو کوئلے کی بلا تعطل فراہمی کے لیے ایک قابلِ ستائش کردار ادا کر رہی ہے۔  
 
گورنر پنجاب نے چولستان کے کوئلے کے ذخائر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ "ریت سے توانائی – چولستان، نیا تھر" کے منصوبے کے تحت اگر ان ذخائر کو استعمال میں لایا جائے تو اربوں روپے کی سرمایہ کاری ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ چولستان کی ترقی نہ صرف توانائی کے شعبے میں بلکہ معاشی و سماجی خوشحالی کا بھی باعث بن سکتی ہے۔ یہ خطہ ایک صنعتی مرکز کے طور پر ابھر سکتا ہے۔  
 
انہوں نے سیاحت اور صنعتی ترقی کے امتزاج پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صحرا کی سیاحت کو جدید صنعتی ترقی کے ساتھ جوڑ کر نئی راہیں کھولی جا سکتی ہیں۔ گورنر پنجاب نے کوئلہ ٹرانسپورٹ کے مسائل کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کوئلہ لے جانے والی گاڑیوں کو غیر ضروری چیکنگ اور ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے سپلائی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جانا چاہیے۔  
 
انہوں نے اپنی بات کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ چولستان کا کوئلہ صرف ایک صنعتی منصوبہ نہیں، بلکہ پنجاب کی معاشی ترقی کا انقلابی موقع ہے، جو خطے کی تقدیر بدل سکتا ہے۔
 
 
Comments

No comments yet.

Effy Jewelry