ہفتہ ،13 ستمبر 2025 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

لاہور: صدر زرداری کی سالگرہ پر پیپلز پارٹی کا تاریخی سیمینار، معاشی خودمختاری کے وژن پر روشنی ڈالی گئی

لاہور: صدر زرداری کی سالگرہ پر پیپلز پارٹی کا تاریخی سیمینار، معاشی خودمختاری کے وژن پر روشنی ڈالی گئی

Editor

ایک ماہ قبل

Voting Line
 
 
 
 
 
 
لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) وسطی پنجاب کے زیر اہتمام صدر مملکت آصف علی زرداری کی سالگرہ کے موقع پر "پاکستان کی معاشی خود مختاری کے لیے صدر آصف زرداری کا وژن" کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت سابق وزیر اعظم اور صدر پی پی پی وسطی پنجاب راجہ پرویز اشرف نے کی، جبکہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور جنرل سیکرٹری پی پی پی وسطی پنجاب سید حسن مرتضی مہمان خصوصی تھے۔  
 
تقریب کا اہتمام سینئر پارٹی رہنما فیصل میر نے کیا، جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض سبط حسن نے انجام دیے۔ راجہ پرویز اشرف نے فیصل میر کی تقریب کو کامیاب بنانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس جذبے اور عشق سے یہ پروگرام منعقد کیا، وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے تقریب میں موجود تمام کارکنوں اور جیالوں کو مبارکباد پیش کی۔  
 
راجہ پرویز اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ صدر زرداری اس ملک کی سب سے زیادہ نا سمجھی جانے والی شخصیت ہیں۔ ان کے کردار کو مسخ کرنے کی کوششیں کی گئیں، لیکن اللہ تعالیٰ نے ان پر اپنا خاص کرم فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی وصیت میں پارٹی کی قیادت صدر زرداری کے حوالے کی، جو ان کے اعتماد کی سب سے بڑی دلیل ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد جب ملک پر اندھیرا چھایا ہوا تھا، صرف صدر زرداری ہی تھے جنہوں نے "پاکستان کھپے" کا نعرہ لگا کر ملک کو بکھرنے سے بچایا۔  
 
انہوں نے کہا کہ 2008 میں پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران جب ملک میں گندم کی شدید قلت تھی، صدر زرداری نے گندم کی سپورٹ پرائس 900 روپے مقرر کر کے پاکستان کو خود کفیل بنایا۔ انہوں نے صدارتی اختیارات پارلیمنٹ کو واپس کر کے جمہوریت کو مضبوط کیا۔ انہوں نے این ڈبلیو ایف پی کو خیبر پختونخوا کا نام دیا اور شمالی علاقہ جات کو گلگت بلتستان کا درجہ دیتے ہوئے وہاں اسمبلی قائم کی۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ایک وژنری لیڈر نفرتیں ختم کر کے تبدیلی لاتا ہے، اور صدر زرداری نے یہ کردار بخوبی ادا کیا۔  
 
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیصل میر نے صدر زرداری کی سالگرہ پر ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا ہے، جو ان کی سیاسی بصیرت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کی علمبردار ہے اور اسے پنجاب میں اپنا صحیح مقام دلانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے اپنی زندگی میں بے پناہ قربانیاں دیں، 14 سال جیل کاٹی، لیکن بھٹو خاندان سے وفاداری نبھائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے کے لیے صدر زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہی واحد رہنما ہیں۔  
 
جنرل سیکرٹری پی پی پی وسطی پنجاب سید حسن مرتضی نے کہا کہ آصف علی زرداری کی زندگی جدوجہد اور قربانیوں سے بھری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے اٹھارویں ترمیم اور سی پیک جیسے تاریخی منصوبوں پر کام کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس کے پاس شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو، صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو جیسی عظیم قیادت موجود ہے۔  
 
تقریب کے اختتام پر صدر زرداری کی سالگرہ پر 70 پونڈ وزنی کیک کاٹا گیا، جس کے بعد پارٹی کے رنگوں میں ہزاروں غبارے چھوڑے گئے اور لائٹ شو کا اہتمام کیا گیا۔ ہال جیالوں اور جیالیوں کے نعروں سے گونج اٹھا، جبکہ پی ایس ایف کے نوجوانوں نے "او زرداری" گانا پیش کیا۔  
 
تقریب میں متعدد سینئر پارٹی رہنماؤں، سیاسی کارکنوں اور معزز مہمانوں نے شرکت کی، جن میں بشیر ریاض، عثمان ملک، چودھری اسلم گل، نوید چودھری، بیرسٹر عامر حسن، ڈاکٹر فرید الزکریا، ڈاکٹر عائشہ شوکت، اور دیگر شامل تھے۔
Comments

No comments yet.

Effy Jewelry