ہفتہ ،13 دسمبر 2025 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

پیپلز پارٹی کی یوم تاسیس ریلی، فیصل میر کا ڈی سی اور سی ٹی او کو فوری معطل کرنے کا مطالبہ، غریب رکشہ ڈرائیوروں پر ظلم کے خلاف احتجاج

پیپلز پارٹی کی یوم تاسیس ریلی، فیصل میر کا ڈی سی اور سی ٹی او کو فوری معطل کرنے کا مطالبہ، غریب رکشہ ڈرائیوروں پر ظلم کے خلاف احتجاج

Editor

2 ہفتے قبل

 
 
 
 
لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کی 58ویں یوم تاسیس کے موقع پر لاہور میں ایک تاریخی موٹرسائیکل اور کار ریلی نکالی گئی جو لبرٹی چوک سے شروع ہو کر صدیق سینٹر سے ہوتی ہوئی لبرٹی گول چکر تک پہنچی۔ اس عوامی ریلی کی قیادت پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں فیصل میر، ڈاکٹر عائشہ شوکت اور مجید غوری نے کی جبکہ شاہد عباس ایڈووکیٹ، عارف ظفر، راؤ شجاعت، طاہرہ جالب، ریاض جٹ، خرم فاروق، شہباز درانی، محمد عمر، کامران ڈار سمیت سینکڑوں پارٹی کارکنان نے بھی ریلی میں بھرپور شرکت کی۔
 
لاہور پولیس نے ابتدائی طور پر ریلی کو لبرٹی ناکے پر روک لیا تاہم پارٹی قیادت اور پولیس حکام کے درمیان مذاکرات کے بعد ریلی کو آگے بڑھنے کی اجازت دے دی گئی۔ ریلی میں شریک کارکنان نے مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے عام ٹریفک کے لیے راستہ کھلا رکھا اور کسی قسم کی بے ضابطگی سے گریز کیا۔
 
یوم تاسیس کی اس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فیصل میر نے ڈپٹی کمشنر اور چیف ٹریفک آفیسر کا نام لیے بغیر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں بیٹھے دو سرکاری فرعون اور ان کے چمچے یہ بات اچھی طرح سن لیں کہ اگر وہ آج ان عہدوں پر فائز ہیں تو یہ محض صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی بدولت ہے۔ فیصل میر نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور اور چیف ٹریفک آفیسر نے غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا ہے اور لاہور کے غریب رکشہ ڈرائیوروں پر بدترین ریاستی ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے۔
 
انہوں نے الزام لگایا کہ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر بلاول بھٹو زرداری کی تصویر لگانا جرم قرار دے دیا گیا ہے اور رکشے روک کر ڈرائیوروں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ چالان کی آڑ میں غریب رکشہ ڈرائیوروں سے زبردستی پیسے وصول کیے جا رہے ہیں، ان کے موبائل فون چھینے جا رہے ہیں اور پارٹی کے پوسٹرز اور فلیکس بھی پھاڑے جا رہے ہیں۔ فیصل میر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اور چیف ٹریفک آفیسر دانستہ طور پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے اتحاد میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
 
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے براہ راست سوال کیا کہ کیا آپ اتنے بے بس ہو چکے ہیں کہ اپنے ماتحت افسران کو قابو نہیں کر سکتے۔ فیصل میر نے پرزور مطالبہ کیا کہ وزیراعظم فوری طور پر ڈپٹی کمشنر اور چیف ٹریفک آفیسر کو معطل کرائیں اور دھمکیاں دینے والے ایس ایچ اوز کو بھی معطل کر کے ان کے خلاف باقاعدہ انکوائری کرائی جائے۔ انہوں نے انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر شہباز شریف نے یہ ظالم افسران نہیں ہٹائے تو پیپلز پارٹی کے کارکن خود ان سے استعفے لے کر دینگے۔
 
فیصل میر نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی ظالم افسران کے دفاتر کا گھیراؤ کرے گی اور بالخصوص ڈپٹی کمشنر آفس اور چیف ٹریفک آفیسر آفس کے سامنے تاریخی دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غریب رکشہ ڈرائیوروں کے پیسے اور موبائل فون فوری طور پر واپس کرائے جائیں اور بلاول بھٹو کی تصویر اتارنے اور بلدیاتی انتخابات کے لیے ممبر سازی مہم کو روکنے کا یہ آپریشن فوری طور پر بند کیا جائے۔
 
انہوں نے شدید الفاظ میں الزام لگایا کہ یہ لوگ اس وقت جسٹس ثاقب نثار بن کر عمران خان کے لیے کام کر رہے ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں اختلافات پیدا کرنے کے لیے منظم طریقے سے آپریشن چلا رہے ہیں۔ فیصل میر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اور چیف ٹریفک آفیسر جنرل فیض حمید بنے ہوئے ہیں جو پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے شہباز شریف صاحب سے مطالبہ کیا کہ وہ ان دونوں افسران اور ایس ایچ او نصیر آباد کو فوری طور پر معطل کرائیں ورنہ پارٹی کارکنان خود ان سے زبردستی استعفے لے لیں گے۔
 
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عائشہ شوکت نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی عوام کی پارٹی ہے اور ہمیشہ عوام کی پارٹی رہے گی کیونکہ صرف پیپلز پارٹی ہی عوام کے حقیقی مسائل کو اٹھاتی ہے اور ان کے حل کے لیے جدوجہد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان پیپلز پارٹی کے منشور کا اہم ترین حصہ ہے اور آج اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ عوام پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ ووٹ دے کر اقتدار میں لائیں۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ آئندہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے وزیراعظم ہوں گے۔
 
مجید غوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ الحمد للہ ہم پیپلز پارٹی کے سپاہی ہیں اور یہ عام آدمی، مزدور، کسان، نوجوان اور ہاری کی جماعت ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا آئندہ وزیراعظم بنا کر ہی دم لیں گے اور اس مقصد کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔
 
 
 
 
Comments

No comments yet.

Effy Jewelry