پیپلز پارٹی لاہور میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں میں سرگرم، جوہر ٹاؤن میں مرکزی دفتر کا افتتاح
پیپلز پارٹی لاہور میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں میں سرگرم، جوہر ٹاؤن میں مرکزی دفتر کا افتتاح
لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی اور کنوینئر ڈویژن لوکل باڈی الیکشن کمیٹی ثمینہ خالد گھرکی نے کہا ہے کہ الیکشن لڑنے والے لڑتے ہیں اور ہمیں متفق اور متحد ہو کر بلدیاتی انتخابات لڑنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوکل باڈی کا انتخابی دفتر لاہور میں قائم ہو چکا ہے اور اب کارکنان کو مل کر چلنا ہو گا۔ وہ جوہر ٹاؤن میں پارٹی کے سینئر رہنما فیصل میر اور مجید غوری کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے لیے قائم کیے گئے دفتر کی افتتاحی تقریب اور بلدیاتی ممبر سازی مہم سے خطاب کر رہی تھیں۔
اس موقع پر اورنگزیب برکی، میاں ایوب، آصف ہاشمی، حاجی عزیز الرحمن چن، عقیلہ یوسف، شاہدہ جبیں، فائزہ ملک، نرگس خان، عامر نصیر بٹ، سبط حسن، شکیل میر چنی، منیر ڈگرا، طارق خورشید، واجد علی شاہ، ایڈون سہوترا، یاسر بارا، طاہر غالب، عارف ظفر، خاور ناہید موہل، شیخ ظفر، فرحت یاسمین، عائشہ غوری، منشا پرنس، طارق جٹ، آغا عباس، ڈاکٹر وسیم میو، شہباز درانی، ریاض جٹ سمیت پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ثمینہ گھرکی نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام میں سے اور عوامی جماعت ہے اور پارٹیوں میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔ انہوں نے فیصل میر اور مجید غوری کو پارٹی دفتر بنانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو خاندان کی تاریخ شہادتوں سے بھری پڑی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں سماجی خدمت کرنے والے کارکن ہی کامیاب ہوں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر پارٹی رہنما فیصل میر اور مجید غوری نے کہا کہ اگر ہم کراچی میں پیپلز پارٹی کا میئر بنا سکتے ہیں تو لاہور کے نو ٹاؤنز میں بھی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ فیصل میر نے کہا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کو بتانا چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے لاہور میں بلدیاتی میدان سجا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کے انتخابات میں پارٹی کارکنان کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے اور ممبرشپ بکس لے کر اپنے اپنے علاقوں میں پھیل کر ممبر سازی کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جوہر ٹاؤن کے دفتر میں ہر ٹاؤن کا الگ الگ سیٹ اپ بنایا جائے گا اور کم از کم دو سو کارکنان ایسے ہیں جو بلدیاتی انتخابات لڑ سکتے ہیں۔ فیصل میر نے کہا کہ ہم نے تمام پارٹی عہدیداران کو اس تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
فائزہ ملک نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان کو تمام تضادات بھلا کر اکٹھے ہو جانا چاہیے اور تنظیم کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر جگہ ساتھ دے گی۔
تقریب سے میاں ایوب، آصف ہاشمی، اورنگزیب برکی، مجید غوری، حاجی عزیز الرحمن چن، نرگس خان، شاہدہ جبیں اور شیخ ظفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی میں پی پی پی کے سوا کوئی دھڑا نہیں ہے اور آج کا عوامی اجتماع بتا رہا ہے کہ بلاول بھٹو کا دور آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی امیدواروں کو اپنے حلقوں میں محنت کر کے اپنا مقام بنانا ہو گا۔ انہوں نے لاہور میں پیپلز پارٹی کو زندہ کرنے پر فیصل میر کو خراج تحسین پیش کیا۔
No comments yet.