ہفتہ ،13 دسمبر 2025 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

پیپلز پارٹی لاہور ڈویژن کمیٹی کا اجلاس: لوکل باڈی الیکشن میں مضبوط امیدواروں کی تیاری پر زور

ثمینہ خالد کی زیرصدارت لاہور ڈویژن کمیٹی کا اجلاس، بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی پر غور

Editor

ایک ماہ قبل

Voting Line
 
 
 
 
 

لاہور:  لوکل باڈی الیکشن کے حوالے سے لاہور ڈویژن کمیٹی کا اجلاس پیپلز سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کنوینئر اور رکن قومی اسمبلی ثمینہ خالد گھرکی نے کی۔ اجلاس میں میاں ایوب، چودھری اشرف، رانا جمیل منج، فائزہ ملک، زاہد ذوالفقار، آصف محمود ناگرہ، چودھری عاطف رفیق، امجد جٹ، نرگس خان، عامر نصیر بٹ، راو خالد اور رانا اشعر ناصر نے شرکت کی۔

 
ثمینہ خالد گھرکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوکل باڈی الیکشن جنرل الیکشن سے مختلف ہوتا ہے اور ان انتخابات میں خواتین بھی بھرپور انداز میں شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام کمیٹی اراکین کی رائے کا بھرپور احترام کریں گی اور باہمی مشاورت سے بلدیاتی امیدواروں کو منتخب کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لوکل باڈیز کے الیکشن میں برادری اور مقامی ووٹ کا بڑا کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب نے بل پر دستخط کر دیے ہیں تاہم بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بلدیاتی امیدواروں کے لیے پارٹی کی طرف سے اشتہاری مواد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور لوکل گورنمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہر 15 دن کے بعد منعقد کیا جائے گا۔
 
رانا جمیل منج نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ٹارگٹ مقرر کر کے آگے بڑھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹ ہولڈرز اور زونل صدور کے ساتھ مل کر اچھے بلدیاتی امیدواروں کی فہرستیں تیار کی جائیں۔ زاہد ذوالفقار نے کہا کہ بلدیاتی امیدوار کا علاقے میں اثر و رسوخ اور سماجی رابطے ہونے چاہئیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ڈسٹرکٹ صدور، ٹکٹ ہولڈرز اور زونل صدور مل کر بلدیاتی امیدواروں کا انتخاب کریں۔
 
آصف محمود ناگرہ نے کہا کہ پارٹی پالیسی کے مطابق مضبوط بلدیاتی امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے۔ امجد جٹ نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ ہر سیٹ پر پیپلز پارٹی کا امیدوار کھڑا کیا جائے۔ چودھری عاطف رفیق نے زور دیا کہ امیدوار منتخب کرتے وقت ان کا بیک گراؤنڈ چیک کیا جائے اور انہیں سیاسی و مالی سپورٹ کی ضرورت ہو گی۔ فائزہ ملک نے کہا کہ بلدیاتی امیدواروں کی انتخابی مہم میں یکسانیت کو مدنظر رکھا جائے۔
 
نرگس خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی خواتین بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گی۔ میاں ایوب نے تجویز پیش کی کہ ہر یونین کونسل میں پارٹی کی ذیلی تنظیموں کے فعال افراد کو بلدیاتی الیکشن لڑایا جائے اور انہوں نے زور دیا کہ بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔ عامر نصیر بٹ نے کہا کہ گروپ بندی اور ذاتی پسند ناپسند چھوڑ کر پارٹی کو متحد کرنا ہو گا۔
 
راو خالد احمد نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن سیاست کا بنیادی سکول ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نہیں چاہتی کہ یہ الیکشن ہوں، اس لیے پیپلز پارٹی کو ہمت دکھانی ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور ن لیگ کے مقابلے میں پیپلز پارٹی کے سوشل میڈیا کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
 
 
 
 
 
Comments

No comments yet.

Effy Jewelry