ہفتہ ،13 دسمبر 2025 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

شیخوپورہ: پیپلز پارٹی کا شیراڈ گارڈن میں جلسہ، پی ٹی آئی رہنما رانا خالد سعید کی پارٹی میں شمولیت

شیخوپورہ: پیپلز پارٹی کا شیراڈ گارڈن میں جلسہ، پی ٹی آئی رہنما رانا خالد سعید کی پارٹی میں شمولیت

Editor

2 ماہ قبل

 

 
 
 - شیخوپورہ/لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی نے شیخوپورہ کے شیراڈ گارڈن میں بڑا سیاسی جلسہ منعقد کیا جس میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور آل پاکستان ٹینکرز ایسوسی ایشن کے صدر رانا خالد سعید نے اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
 
 
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا کہ "ہماری قیادت نے حکم دیا ہے کہ 18 اکتوبر تک ہاتھ ہولا رکھنا ہے۔ ہم سیاست کرنے کے قائل ہیں۔"
 
انہوں نے کہا کہ شیخوپورہ میں مزدور اور زمیندار دو بڑے طبقات ہیں۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ دیا جس کی وجہ سے بیرون ملک نوکریاں ملیں اور اوورسیز پاکستانی زرِ مبادلہ بھیجتے ہیں۔
 
 
ندیم افضل چن نے مزید کہا کہ مزدور طبقے کے لیے اولڈ ایج بینیفٹ کی بنیاد بھی شہید بھٹو نے رکھی۔ "زمیندار پیپلز پارٹی کا کیا مقابلہ کریں گے؟ پیپلز پارٹی کی وجہ سے زمینداروں کو ٹریکٹر ملے۔"
 
انہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت یہاں کے کسان کو پیسے دینے کی بجائے اربوں روپے کی گندم باہر سے منگوا رہی ہے۔ "گندم کی قیمت صحیح لگے تو سارے طبقات اس کسان سے تعاون کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے دور میں ہمیشہ کاشتکار خوشحال ہوا ہے۔"
 
ندیم افضل چن نے کہا کہ "یہ پسے ہوئے طبقات کی جماعت ہے، امراء کی نہیں۔ پیپلز پارٹی نے 40 برس اس ظالم سماج کا مقابلہ کیا ہے۔ ضیاء الحق نے طاقت کے زور پر مزدوروں، طلباء اور کسانوں کو کچلا۔"
 
انہوں نے کہا کہ "ایک سرکاری پارٹی کا ہر دور میں پیپلز پارٹی سے مقابلہ رہا ہے۔ حکومتی لوگوں نے قبرستان اور اوقاف کی زمینوں پر قبضے کر رکھے ہیں۔"
 
 
ندیم افضل چن نے کہا کہ "ہمارے تنظیمی عہدیدار یہاں بیٹھے ہیں، آپس میں اتفاق پیدا کرنا ہوگا۔ انشاء اللہ بلاول بھٹو شیخوپورہ آئیں گے۔"
 
انہوں نے کہا کہ "پیپلز پارٹی کی حکومت آتی ہے تو نوکریاں دیتی ہے، یہ ظالم آکر ادارے بیچتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت آئے گی تو ملیں چلیں گی اور روزگار ملے گا۔"
 
 
ندیم افضل چن نے کہا کہ "آج پیپلز پارٹی کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے جبکہ دیگر جماعتوں میں قیادت سے ملاقاتوں کے پیسے لیے جاتے ہیں۔"
 
انہوں نے واضح کیا کہ "پیپلز پارٹی قومی جماعت ہے۔ ہم نے جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ نہیں لگانا، جاگ بلوچ جاگ، جاگ پٹھان جاگ کا نعرہ لگائیں گے۔"
 
پاک فوج کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "لڑتے ہیں تو ادارے لڑتے ہیں۔ پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہی ہے۔"
 
 
رکن قومی اسمبلی علی قاسم گیلانی نے کہا کہ "اس جلسے کے میزبان رانا خالد، رانا عمیر اور شیخوپورہ کے غیور عوام کے شکرگزار ہوں۔ پیپلز پارٹی کی طرف سے رانا خالد کو ویلکم کرتے ہیں، مل کر اس شہر اور صوبے کی خدمت کریں گے۔"
 
انہوں نے کہا کہ "پیپلز پارٹی مزدوروں، خواتین، کسانوں، طلباء اور غریب عوام کی جماعت ہے۔ صوفیوں کی دھرتی سے یہاں بتانے آیا ہوں کہ پیپلز پارٹی ایک جماعت نہیں، فیملی 
 
علی قاسم گیلانی نے کہا کہ "آج اس خاندان کا حصہ بننے پر رانا خالد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ جب تک پیپلز پارٹی میں راجپوت تھے، اس پر عروج تھا۔"
 
انہوں نے کہا کہ "آج خوشی ہے کہ ملتان سے رانا محمود، رانا طاہر شبیر کو شامل کیا تو کلین سویپ کیا۔ مجھے کوئی شک نہیں کہ انشاء اللہ تعالیٰ راجپوتوں کی انٹری سے مستقبل پیپلز پارٹی کا ہے۔"
 
 
 
علی قاسم گیلانی نے کہا کہ "انشاء اللہ تعالیٰ میں اور ندیم افضل چن مل کر اپنے قائد بلاول بھٹو کو شیخوپورہ لائیں گے۔"
 
 
علی قاسم گیلانی نے کہا کہ "پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کی حلیف جماعت ہے جس کے ووٹوں سے وزیراعظم کرسی پر بیٹھا ہے۔ ہم پر فرض ہے، نہ ہی ہمیں کسی جماعت کی تعریف کرنے کی فیس ملتی ہے۔"
 
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم نے تو وزیراعظم کی کرسی کو لات ماری ہے، چھوٹی موٹی کرسیوں کی کیا وقعت ہے۔ ہم پر لازم نہیں کہ ان کا ساتھ دینا ہے۔ پیپلز پارٹی مزدوروں کی جماعت ہے۔"
 
 
علی قاسم گیلانی نے کہا کہ "پیپلز پارٹی نے خواتین، ماؤں اور بہنوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام دیا ہے۔ سیلاب زدگان کے لیے بی آئی ایس پی میں مدد مانگ لی تو کیا گناہ کیا؟"
 
انہوں نے کہا کہ "شیخوپورہ کی عوام کا مقدمہ قومی اور پنجاب اسمبلی میں لڑتے رہیں گے۔ ہماری شرافت کو کمزوری نہ سمجھنا، ہم رانا خالد کی آمد کے بعد کمزور نہیں رہے۔"
 
 
جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضی نے کہا کہ "رانا خالد سعید اور ساتھیوں کو پیپلز پارٹی خاندان میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ شیخوپورہ کے دوستوں نے بڑے عرصے بعد پیپلز پارٹی کو اپنائیت دی۔"
 
انہوں نے کہا کہ "پاکستان پیپلز پارٹی سے محبت کرنے والے لوگ آج بھی موجود ہیں۔ گھر گھر، گلی گلی اور شہر شہر بلاول بھٹو کا پیغام پہنچائیں گے۔"
 
 
حسن مرتضی نے کہا کہ "پیپلز پارٹی ہی صرف عوام کے مسائل، آئین و قانون کی بالادستی پر بات کرتی ہے۔ کوئی پارٹی اپنے قیدی چھڑانا چاہتی ہے تو کوئی کچھ اور۔"
 
انہوں نے حکومت میں بیٹھے دوستوں سے کہا کہ "میرے حکومت میں بیٹھے دوست بتائیں کہ سیاست جوڑنے کا نام ہے یا تقسیم کرنے کا۔ پیپلز پارٹی آپ کے ساتھ بیٹھی ہے مگر آپ اتحادیوں سمیت ہر پارٹی اور طبقے کے ساتھ لڑتے ہیں۔"
 
 
حسن مرتضی نے کہا کہ "اکیلی حکومت کبھی نہیں چلتی۔ پیپلز پارٹی سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑے ہونے کا کہتی ہے تو مانتے ہیں۔ صبح سے شام تک یہ لوگ عوام کی پگڑیاں اچھالنے نظر آئیں گے۔"
 
انہوں نے کہا کہ "پیپلز پارٹی کی وجہ سے آپ حکومت میں بیٹھے ہیں۔ ہم آپ کو کمزور نہیں کرنا چاہتے، نہ جمہوریت کی بساط لپیٹنا چاہتے ہیں۔"
 
حسن مرتضی نے کہا کہ "ہم کاشتکار کی بات کرتے ہیں تو اسے آپ سندھ اور پنجاب کی لڑائی بنا دیتے ہیں۔ پیپلز پارٹی اپنے پنجابی بھائیوں کے حقوق کی جنگ لڑے گی۔"
 
 
 
 رانا خالد سعید نے کہا کہ "پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور رہنماؤں کی شیخوپورہ آمد پر ان کا شکرگزار ہوں۔"
 
علی قاسم گیلانی نے اپنے حلقے میں عوام کی طرف سے رانا خالد کی مدد کا شکریہ ادا کیا۔
 
جلسہ گاہ کی سٹیج پر پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن، جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضی، رکن قومی اسمبلی علی قاسم گیلانی، رائے شاہ جہان بھٹی، خان حاجی فلک شیر، آصف خان اور دیگر رہنما شریک تھے۔
Comments

No comments yet.

Effy Jewelry