عوامی رکشہ یونین کی پیپلز پارٹی میں شمولیت گورنر پنجاب کا تاریخی استقبال
عوامی رکشہ یونین کی پیپلز پارٹی میں شمولیت گورنر پنجاب کا تاریخی استقبال
لاہور :- عوامی رکشہ یونین کی ایک کثیر تعداد اپنے رکشوں کے ہمراہ گورنر ہاؤس پہنچ کر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ملاقات کی۔ اس دوران گورنر صاحب نے رکشہ میں سفر کرکے ڈرائیورز کے ساتھ اپنی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
عوامی رکشہ یونین کے سربراہ مجید غوری نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر ثمینہ خالد گھرکی، فیصل میر، چوہدری منظور، عزیز الرحمان چن، اسلم گل، نرگس خان، علامہ یوسف اعوان، رانا فاروق سمیت لاہور کی تمام اہم قیادت موجود تھی۔
گورنر سردار سلیم حیدر خان نے اس موقع پر کہا کہ "عوامی رکشہ یونین لاہور کی ایک انتہائی مقبول تنظیم بن چکی ہے اور رکشہ ڈرائیوروں کی بڑی آواز ہے۔ پیپلز پارٹی اپنے رکشہ ڈرائیوروں کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کرے گی۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "پیپلز پارٹی حقیقی معنوں میں مزدوروں اور محنت کشوں کی جماعت ہے۔ آج کے بعد ہر رکشہ ڈرائیور اپنے آپ کو گورنر سمجھے اور رکشہ ڈرائیوروں کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔"
گورنر پنجاب نے واضح کیا کہ "پیپلز پارٹی مزدور، کاشتکار، محنت کش اور ڈرائیورز سمیت سرکاری ملازمین کا دفاع کرتی ہے۔ عوامی رکشہ یونین پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھے۔"
انہوں نے کہا کہ "گورنر ہاؤس کے دروازے رکشہ یونین سمیت سب کے لیے کھل چکے ہیں اور پیپلز پارٹی اپنے کارکنوں اور جیالوں کا دفاع کرنا جانتی ہے۔"
گورنر سردار سلیم حیدر خان نے اعتماد ظاہر کیا کہ "پیپلز پارٹی پنجاب میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گی اور مخالفین کو سخت وقت دے گی۔ عوامی رکشہ یونین کا پیپلز پارٹی میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ پیپلز پارٹی میں بڑی تعداد میں شامل ہو رہے ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ "رکشہ یونین ہو، طلبا تنظیمیں ہوں یا وکلا برادری، سب پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب پنجاب پیپلز پارٹی کا قلعہ ہوگا۔"
گورنر پنجاب نے کہا کہ "بلاول بھٹو پر عوام نے اعتماد کا اظہار کیا اور ووٹ ڈالے، مگر ووٹ کہاں گئے، ہمیں سب کچھ معلوم ہے۔ پیپلز پارٹی بحال ہو نہیں رہی بلکہ بحال ہو چکی ہے۔"
عوامی رکشہ یونین کے صدر مجید غوری نے کہا کہ "رکشہ یونین سمیت ہر شعبۂ زندگی کا فرد بلاول بھٹو کو وزیر اعظم بنانے کے لیے جدوجہد کرے گا۔ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے اور لوگوں کے دکھ درد کو خوب سمجھتی ہے۔"
انہوں نے کہا کہ "سردار سلیم حیدر خان ایک عوامی گورنر ہیں، رکشہ ڈرائیورز سمیت ہر غریب آدمی کی ان تک رسائی ہے۔ جس طرح گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں، تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا۔"
مجید غوری نے کہا کہ "ہم عوامی نمائندے ہیں اور عوامی پارٹی کا انتخاب کیا ہے۔"
یہ واقعہ پیپلز پارٹی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور مختلف طبقات میں اس کی قبولیت کا واضح ثبوت ہے۔
No comments yet.