سندھ مدینہ کے ساتھ ناانصافی، تعصب کا کھیل اور سچائی کا آئینہ
سندھ مدینہ کے ساتھ ناانصافی، تعصب کا کھیل اور سچائی کا آئینہ
سندھ مدینہ کے ساتھ ناانصافی، تعصب کا کھیل اور سچائی کا آئینہ
تحریر: ڈاکٹر رضوان بھیو
پاکستان کی سیاسی و معاشی تاریخ کا اگر غیر جانبداری سے جائزہ لیا جائے تو یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہے کہ بابِ اسلام اور صوفیا کی دھرتی 'سندھ مدینہ' کے ساتھ ہمیشہ سے ایک سوچی سمجھی حکمتِ عملی کے تحت ناانصافی کی جاتی رہی ہے۔ وہ صوبہ جو پاکستان کی معیشت کا سب سے بڑا ستون ہے اور قومی خزانے میں 70 فیصد سے زائد کا حصہ ڈال کر پورے ملک کی معاشی ڈور سنبھالے ہوئے ہے، اسے بدلے میں اس کے قانونی و آئینی حق سے محروم رکھنے کی کوششیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔
میڈیا کا ایک مخصوص طبقہ، اینکرز، یوٹیوبرز اور مقتدر استعماری قوتیں مسلسل سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنے بغض و تعصب کا نشانہ بناتے ہیں۔ ہر برائی، ہر ناکامی اور ہر کمزوری کا ملبہ سندھ اور پیپلز پارٹی کی قیادت پر ڈال دیا جاتا ہے، جبکہ دوسری طرف وفاقی ادارے اپنی آئینی ذمہ داریوں سے فرار اختیار کرتے ہوئے سندھ کے ترقیاتی منصوبوں میں روڑے اٹکاتے نظر آتے ہیں۔
تقسیم کی سازشیں اور دیگر صوبوں کا موازنہ
سندھ کو تقسیم کرنے، اس کے وسائل پر قبضے اور اس کے عوام کو تنہا کرنے کی مسلسل سازشیں کی جاتی ہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا دیگر صوبوں میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں؟ کیا پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان امن اور غیر معمولی ترقی کا گہوارہ بن چکے ہیں؟ اگر وہاں سب کچھ مکمل اور شفاف ہے، تو پھر کیوں ملک کے مختلف حصوں سے 90 فیصد سے زائد نوجوان روزگار کی تلاش میں انسانی اسمگلروں کے ہاتھوں اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر دیارِ غیر کا رخ کرتے ہیں؟ کیوں دیگر علاقوں میں بدامنی، بے روزگاری اور معاشی ابتری کو اس طرح اجاگر نہیں کیا جاتا جس طرح سندھ کو نشانہ بنایا جاتا ہے؟ یہ دوہرا معیار سندھ مدینے کے عوام کے ساتھ شدید تعصب اور بغض کی واضح دلیل ہے۔
عالمی معیار کے فلاحی منصوبے اور تعصب پر مبنی خاموشی
جب بھی سندھ کے عوام کی فلاح و بہبود کی بات آتی ہے، یہ متعصب عناصر سازشوں کے جال بننا شروع کر دیتے ہیں۔ کیا انہیں تھر کول (Thar Coal) کا وہ انقلاب نظر نہیں آتا جس نے اندھیروں کو روشنی میں بدل کر پاکستان کو توانائی کے بحران سے نکالا؟
کیا انہیں دنیا بھر میں سراہا جانے والا صحت کا نظام دکھائی نہیں دیتا، جہاں NICVD، SIUT اور Gambat Institute کے ذریعے کروڑوں غریبوں کو دنیا کا بہترین اور مکمل مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے؟
کیا سیلاب زدگان کے لیے لاکھوں گھروں کی تعمیر کا وہ تاریخی منصوبہ ان کی تنگ نظر آنکھوں سے اوجھل ہے جس نے بے گھر ہونے والے غریبوں کو ان کی چھت واپس دی؟
ان تمام روشن حقائق کو پسِ پشت ڈال کر کسی معمولی اور عارضی مسئلے کو پہاڑ بنا کر پیش کیا جاتا ہے تاکہ سندھ اور پیپلز پارٹی کے خلاف نفرت کا بازار گرم رکھا جا سکے۔
موٹرویز اور نیشنل ہائی ویز کا دوہرا معیار
وفاقی سطح پر ہونے والی معاشی ناانصافیوں کا جب کٹھا چٹھا کھولا جائے تو یہ ریاست کے منہ پر ایک طماچہ ہے۔ بین الاقوامی اصولوں اور معاشی منطق کے مطابق موٹرویز کا آغاز ہمیشہ ملک کی سب سے بڑی بندرگاہ (پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ) سے ہونا چاہیے تھا تاکہ ملکی تجارت کو براہِ راست فروغ مل سکے۔ لیکن متعصب حکمرانوں نے تمام اصولوں کو طاق پر رکھ کر موٹرویز کو صرف اسلام آباد اور لاہور تک محدود رکھا اور سارا انفراسٹرکچر پنجاب کے اندر پھیلا دیا گیا۔
کیا سندھ کے غریب ٹیکس دہندگان، جو ملکی خزانے میں 70 فیصد سے زائد کا حصہ ڈالتے ہیں، اس بنیادی حق سے محروم رہنے کے لیے پیدا ہوئے ہیں؟
اسی طرح، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) جو براہِ راست وفاق کی ذمہ داری ہے، اس کا حال دیکھ لیں! جیسے ہی نیشنل ہائی وے سندھ کی حدود میں داخل ہوتی ہے، وہ تباہی اور بربادی کی علامت بن جاتی ہے۔ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، کھڈے اور روزانہ کی بنیاد پر قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع وفاق کے اس مجرمانہ تعصب کا ثبوت ہے جو جان بوجھ کر سندھ کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ حال رکھنا چاہتا ہے۔
کے فور (K-IV) منصوبہ اور سندھ کے حقوق پر ڈاکہ
کراچی کے کروڑوں شہریوں کی پینے کے پانی کی شدید ضرورت کو پورا کرنے والے کے فور (K-IV) منصوبے میں دانستہ طور پر لیت و لعل سے کام لینا اور اس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا اس بات کا غماز ہے کہ وفاقی ادارے سندھ کی خوشحالی کے سخت دشمن ہیں۔ جب بھی سندھ کے پانی یا ترقیاتی فنڈز کی بات آتی ہے، وفاق کے ہاتھ پاؤں پھول جاتے ہیں اور بیوروکریسی کے ذریعے اس میں روڑے اٹکائے جاتے ہیں۔ وفاقی سطح کی ناانصافیاں، بجٹ میں سندھ کا حق مارنا، ترقیاتی سکیموں کو روکنا، سڑکوں کی بربادی اور پانی کے منصوبوں میں تاخیر ان تمام سنگین جرائم کا ذمہ دار وفاق اور اس کے ادارے ہیں، مگر یہ متعصب میڈیا اور اینکرز سارا ملبہ اٹھا کر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت پر تھوپ دیتے ہیں۔
شہدائے جمہوریت کی قربانیاں اور تاریخی استحصال
پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ کا رشتہ محض ایک سیاسی جماعت اور صوبے کا نہیں، بلکہ ایک نظریاتی اور جذباتی تعلق ہے جو لازوال قربانیوں سے رقم ہوا ہے:
شہید ذوالفقار علی بھٹو: پاکستان کے متفقہ 1973ء کے آئین، ایٹمی پروگرام اور عوام کو زبان دینے والے قائد کو عدالتی قتل کے ذریعے ہم سے چھین لیا گیا، مگر ان کا نظریہ آج بھی زندہ ہے۔
شہید محترمہ بینظیر بھٹو: مشرق کی بیٹی اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم، جنہوں نے ملک میں جمہوریت، دفاع اور عوامی حقوق کی جنگ لڑتے ہوئے اپنے بابا کی طرح اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا۔
میر مرتضیٰ بھٹو اور شاہنواز بھٹو: بھٹو خاندان کے ان چراغوں کو بھی استعماری سازشوں کا نشانہ بنا کر خاموش کر دیا گیا تاکہ عوام کی حقیقی قیادت کو ختم کیا جا سکے۔
ہزاروں جیالوں کی شہادتیں: ضیاء الحق کے تاریک دورِ آمریت سے لے کر آملہ شاہی تک، ہزاروں نامعلوم کارکنوں اور جیالوں نے کوڑے کھائے اور تشدد برداش کیا۔
معمارِ جمہوریت: آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری
حالیہ تاریخ میں جب بھی پیپلز پارٹی کے خلاف سازشیں عروج پر پہنچیں، صدر آصف علی زرداری نے "پاکستان کھپے" کا نعرہ لگا کر ملک کو ٹوٹنے سے بچایا۔ انہوں نے 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبائی خودمختاری اور این ایف سی ایوارڈ دے کر سندھ سمیت تمام چھوٹے صوبوں کو ان کے معاشی حقوق کی ضمانت دی۔
آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اندرون و بیرونِ ملک جس تدبر، جدت اور بصیرت کے ساتھ پاکستان اور سندھ کی نمائندگی کر رہے ہیں، وہ مخالفین کے لیے سکتہ طاری کر دینے والا ہے۔ سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد سندھ کی بحالی ہو، ہسپتالوں کا مفت علاج کا عالمی معیار کا نظام ہو یا توانائی کے منصوبے، پیپلز پارٹی کی قیادت نے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ عوام کی حقیقی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔
لحاظہ اب یہ ڈرامے بازی زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔ سندھ مدینے کے باشعور عوام، جیالے اور پیپلز پارٹی کی قیادت اس متعصبانہ یلغار کا جواب اپنے عزم، عمل اور عوامی خدمت سے دے رہی ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ میڈیا مالکان، اینکرز، یوٹیوبرز اور تمام صاحبِ اقتدار طبقہ سندھ مدینے اور پیپلز پارٹی کے خلاف بغض، کینے اور تعصب کی عينک اتار کر دیکھیں۔ نفرت، تقسیم اور سازشوں کی سیاست نے اس ملک کو پہلے ہی ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ پاکستان کی بقا، پائیداری اور یکجہتی اسی میں ہے کہ سندھ کے جائز حقوق کو تسلیم کیا جائے، اس کے وسائل پر اس کا حق مانا جائے اور ملک میں بغض کی جگہ بھائیچارے، مساوات اور قومی اتحاد کو فروغ دیا جائے کیونکہ سندھ ترقی کرے گا تو ہی پاکستان مضبوط ہوگا۔
No comments yet.