11 ہزار ارب کی عیاشی اور آئی ایم ایف کے بغل بچے!
11 ہزار ارب کی عیاشی اور آئی ایم ایف کے بغل بچے!
تحریر: ڈاکٹر رضوان بھیو
کیا اس ملک کا عام شہری صرف ٹیکس دینے، بھاری بل بھرنے اور آخر میں فاقوں سے تنگ آ کر برباد ہونے کے لیے پیدا ہوا ہے؟
آج پاکستان کا متوسط طبقہ ختم ہو چکا ہے اور عوام خطِ غربت کی ان گہرائیوں میں گر چکے ہیں جہاں سے صرف خودکشیاں، فاقہ کشی اور مجبوری کے جرائم جنم لیتے ہیں۔ ایک عام پاکستانی اگر بجلی کا بل ایک دن تاخیر سے جمع کرائے تو اس پر بھاری جرمانہ ٹھونک دیا جاتا ہے۔ ایک یونٹ زیادہ استعمال ہو جائے تو سلیب بدل کر غریب کے منہ سے آخری برک بھی چھین لی جاتی ہے۔ پٹرول، گیس، مہنگی بجلی اور IPPs کے جابرانہ معاہدوں نے عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے، اور ملک کی معیشت وینٹیلیٹر پر آخری ہچکیاں لے رہی ہے۔
لیکن اس تمام تر معاشی تباہی کے درمیان جب عوام ریلیف کا مطالبہ کرتے ہیں، تو حکومت اور اس کے کارندے نہایت ڈھٹائی سے ایک ہی گردان الاپتے ہیں: "ہم کیا کریں، آئی ایم ایف (IMF) ہمیں ریلیف دینے کی اجازت نہیں دیتا"
مگر ذرا ٹھہریے! قومی اسمبلی میں پیش کی جانے والی وزارتِ خزانہ کی اس شرمناک رپورٹ کو دیکھیے اور ان حکمرانوں سے گریبان پکڑ کر سوال کیجیے!
گزشتہ 5 سالوں میں اشرافیہ اور مخصوص طبقات کو 11 ہزار ارب روپے سے زائد کی ٹیکس چھوٹ دی گئی۔
مالی سال 2020-21: 1,482 ارب 31 کروڑ روپے
مالی سال 2021-22: 2,239 ارب روپے
مالی سال 2022-23: 2,540 ارب روپے
مالی سال 2023-24: 2,434 ارب روپے
مالی سال 2024-25: 2,352 ارب روپے
صرف حالیہ سال میں انکم ٹیکس پر 580 ارب، سیلز ٹیکس پر 1,274 ارب اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 499 ارب روپے کی عیاشیاں اشرافیہ کی جھولی میں ڈال دی گئیں۔
اب قوم کے سامنے چند سیدھے اور تند و تیز سوالات ہیں:
کیا اس 11 ہزار ارب روپے کی عوام دشمن عیاشی کی اجازت آئی ایم ایف نے دی تھی؟
اگر غریب کی سبسڈی ختم کرنے کے لیے آئی ایم ایف کا ڈنڈا یاد آتا ہے، تو اشرافیہ کے اربوں روپے معاف کرتے وقت وہ ڈنڈا کہاں چلا جاتا ہے؟ کیا آئی ایم ایف بھی ہماری نالائق حکومت کی طرح 'عوام دشمن اور اشرافیہ دوست' اقدامات کا حامی ہے؟ یا پھر آئی ایم ایف صرف ایک بہانہ ہے، اور اصل مقصد اپنے لاڈلوں اور سرمایہ داروں کی جیبیں بھرنا ہے؟
حقیقت یہ ہے کہ 11 ہزار ارب کی یہ شاہ خرچیاں عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف اور قوم کے ساتھ کھلی بربریت ہیں۔ اس رقم سے نہ صرف ملک کے تمام قرضے اتارے جا سکتے تھے بلکہ عوام کو سستی بجلی، پٹرول اور گیس کا دائمی ریلیف دیا جا سکتا تھا۔ مگر حکمرانوں کی ترجیح غریب کا چولہا نہیں، بلکہ اشرافیہ کے محلات کی روشنائیاں ہیں۔
بالخصوص 'وطن دوست' اور 'معاشی ماہر' بننے کے دعوے داروں کی اس حکومت نے ثابت کر دیا ہے کہ ان کے پاس غریب کے لیے صرف ٹیکسوں کا بوجھ ہے اور امیر کے لیے ریلیف کے خزانے۔
قوم کو اب گہری نیند سے جاگنا ہوگا! یہ وقت خاموش رہنے کا نہیں بلکہ سوال کرنے کا ہے۔ عوام کو اب سوچنا ہوگا اور وطن پر مسلط اس حکومت کا کڑا اور بے رحمانہ احتساب کرنا ہوگا۔ اگر آج بھی اشرافیہ کی اس لوٹ مار پر آواز نہ اٹھائی گئی، تو یہ حکمران قوم کی بقیہ سانسیں بھی آئی ایم ایف اور اپنے پیادوں کے نام پر نیلام کر دیں گے!
No comments yet.