ایم کیو ایم اور مصطفیٰ کمال کی سندھ دشمنی پر وزیراعظم خاموش کیوں؟
ایم کیو ایم اور مصطفیٰ کمال کی سندھ دشمنی پر وزیراعظم خاموش کیوں؟
ایم کیو ایم اور مصطفیٰ کمال کی سندھ دشمنی پر وزیراعظم خاموش کیوں؟
تحریر: ڈاکٹر رضوان احمد بھیو
سندھ کی تعلیمی اور طبی تاریخ کا جب بھی غیر جانبدارانہ تجزیہ کیا جائے گا، اس میں 'وفاقی بے حسی'، 'سیاسی منافقت' اور 'استحصالی طرزِ عمل' کی داستانیں ایک سیاہ باب کے طور پر درج ہوں گی۔ حالیہ دنوں میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) اور وفاقی وزارتِ صحت کی جانب سے ملک بھر کے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں 1,400 اضافی نشستوں کی منظوری دی گئی۔ ظاہری طور پر یہ اقدام ملک میں طبی تعلیم کے فروغ اور پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو آگے لانے کا ایک مثبت منصوبہ دکھائی دیتا ہے، لیکن اس کی تہہ میں چھپی ناانصافی نے سندھ کے ہزاروں محنتی طلبہ اور ان کے سرپرستوں کے دلوں پر گہرا زخم لگایا ہے۔
جب ملک کے دیگر تمام صوبوں اور اکائیوں کے لیے میڈیکل نشستوں میں اضافہ کیا جا رہا تھا، تو سندھ کے حصے میں صفر کیوں آیا؟ کیا سندھ کے بچے ڈاکٹر بننے کا حق نہیں رکھتے؟ یا وفاقی حکومت نے یہ فرض کر لیا ہے کہ ریاست کے وسائل اور سہولیات پر حق صرف پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد کے بچوں کا ہی ہے؟
یہ محض چند سو نشستوں کا ریاضیاتی حساب کتاب نہیں، بلکہ یہ سندھ کے محنتی نوجوانوں کے مستقبل، ان کے والدین کی شب و روز کی قربانیوں اور وفاقی انصاف کے دعووں پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔ سندھ کا کسان، مزدور، اور درمیانہ طبقہ اپنے بچوں کو خون پسینے کی کمائی سے تعلیم دلاتا ہے۔ یہ عوام بھی اسی ملک کو ٹیکس دیتے ہیں اور قومی معیشت کی شہ رگ ہیں، پھر جب مواقع کی منصفانہ تقسیم کا وقت آتا ہے تو سندھ کو پسِ پشت کیوں دھکیل دیا جاتا ہے؟
اس تمام تر استحصال میں سب سے زیادہ افسوسناک اور منفی کردار متنازعہ سیاسی رویوں اور بالخصوص ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال کی سمت سے سامنے آتا ہے۔ اپنے سیاسی مفادات کے لیے سندھ کی وحدت اور صوبائی ہم آہنگی پر حملہ کرنا ان کی سیاست کا پرانا طریقہ رہا ہے۔ کبھی کراچی اور دیہی سندھ کے درمیان مصنوعی خلیج پیدا کر کے سندھ کی تقسیم کے نعرے لگائے جاتے ہیں، تو کبھی وفاق کے ایوانوں میں بیٹھ کر سندھ کے تعلیمی و آئینی حقوق پر ڈاکہ ڈالا جاتا ہے۔
بدنیتی کا عالم دیکھیے کہ جب سندھ کے پسماندہ اور دور دراز اضلاع—بالخصوص تھرپارکر، عمرکوٹ اور نوابشاہ—کے محنتی بچوں نے اپنی بے پناہ صلاحیتوں اور رات دن کی محنت سے شفاف MDCAT امتحان میں تاریخی اور شاندار کامیابی حاصل کی، تو اس کامیابی کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے اس پر مختلف انکوائریاں بٹھا کر ان بچوں کی محنت کو مشکوک بنانے کی کوشش کی گئی۔ جب سیاسی وابستگیوں اور کارکردگی کی کمی کی وجہ سے ان کے من پسند نتائج نہ آ سکے، تو پورٹل اور کونسل کے انتظامی امور کو استعمال کر کے سندھ کے ہونہار بچوں کے جائز میرٹ کو متاثر کرنے کی سازشیں کی گئیں۔
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایم کیو ایم اور مصطفیٰ کمال کی اس کھلی سندھ دشمنی پر وزیراعظم شہباز شریف خاموش کیوں ہیں؟ وزیراعظم کا عہدہ کسی ایک صوبے یا سیاسی اتحادی کی تسکین کے لیے نہیں، بلکہ پورے پاکستان کا ہوتا ہے۔ اگر وزیراعظم اپنی حکومت کو بچانے کے لیے اتحادیوں کی بلیک میلنگ اور سندھ دشمن پالیسیوں پر آنکھیں اور کان بند کر لیں گے، تو اس سے نہ صرف وفاق کے ستون کمزور ہوں گے بلکہ سندھ کے عوام میں محرومی کا احساس مزید بڑھے گا۔
سندھ کے طلبہ اور عوام کسی کے مرہونِ منت ہیں نہ ہی خیرات کے طلب گار؛ وہ اس ملک کے مساوی شہری ہیں اور میرٹ پر اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ اگر وفاقی حکومت واقعی شفافیت اور آئینی مساوات پر یقین رکھتی ہے تو اسے درج ذیل اقدامات فوراً اٹھانے ہوں گے:
مشترکہ ہنگامی اجلاس: وزیراعظم شہباز شریف فوراً وفاقی وزارتِ صحت، PM&DC اور حکومتِ سندھ کا اجلاس بلا کر 1,400 نشستوں کی غیر منصفانہ تقسیم کا نوٹس لیں۔
سندھ کے کوٹے کا فوری اجرا: آبادی اور استحقاق کے مطابق سندھ کے بچوں کے لیے میڈیکل کی اضافی نشستیں فوراً منظور کی جائیں۔
شفاف فارمولے کی اشاعت: ملک بھر میں نشستوں کی تقسیم کا واضح، قانونی اور آبادی پر مبنی معیار عوام کے سامنے رکھا جائے تاکہ کسی بھی صوبے میں امتیازی سلوک کا تاثر ختم ہو۔
تعصبانہ انکوائریوں کا خاتمہ: شفاف MDCAT کے نتائج پر بٹھائی گئی بلاجواز انکوائریاں ختم کر کے محنتی طلبہ کا حقِ میرٹ تسلیم کیا جائے۔
تاریخ گواہ ہے کہ حقوق کی مسلسل غصب دوانی اور ناانصافی سے جو لاوا پکتا ہے، وہ کسی بھی ریاست کی سلامتی اور قومی یکجہتی کے لیے فائدہ مند نہیں ہوتا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو اب اپنی خاموشی توڑنی ہوگی اور مصطفیٰ کمال کی متعصبانہ سیاست کا آلہ کار بننے کے بجائے سندھ کے بچوں کو ان کا جائز اور آئینی حق دینا ہوگا۔
No comments yet.