احتجاج جمہوری حق ہے مگر پرامن ہونا چاہیے، کاروبارِ زندگی متاثر نہ ہو: راجہ پرویز اشرف
احتجاج جمہوری حق ہے مگر پرامن ہونا چاہیے، کاروبارِ زندگی متاثر نہ ہو: راجہ پرویز اشرف
لاہور:پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جمہوریت میں احتجاج، دھرنا اور جلوس سیاسی جماعتوں کا آئینی و جمہوری حق ہے، تاہم احتجاج پرامن ہونا چاہیے اور اس کے نتیجے میں کاروبارِ زندگی متاثر نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام فریقین ٹھنڈے دل سے فیصلے کریں، جبکہ پارلیمان ہی وہ فورم ہے جہاں تمام معاملات پر اطمینان کے ساتھ اپنا موقف پیش کیا جا سکتا ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز رانا سفاری پارک، پھولنگر میں پنجاب ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کا اہتمام پیپلز پارٹی لاہور کی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عائشہ شوکت نے کیا تھا۔
اس موقع پر پارٹی کے وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ، سینئر نائب صدر رانا فاروق سعید اور سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ کے علاوہ فیصل میر، ثمینہ خالد گھرکی، عثمان ملک، ثمینہ پگانوالہ، بشریٰ منظور مانیکا، احمد جواد رانا، رانا اشعر حیات، سید عنایت علی شاہ، رائے شاہ جہاں بھٹی، رائے شاہ جہاں کھرل، تسنیم قریشی، چودھری اعجاز، ڈاکٹر فرید ظفر، ارشد جٹ، اعجاز سمہ، آصف بشیر بھاگٹ، ابرار شاہ، چودھری اختر علی، عقیلہ یوسف، نرگس خان، خالد نواز بوبی، شوکت عباسی، ملک علی ساؤل، راؤ جمیل ہاشم، عمران سرویا، چودھری سجاد نذیر، سجاد الحسن، علامہ یوسف اعوان، عمران کھوکھر، موسیٰ کھوکھر اور ڈاکٹر خیام حفیظ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ ہے، جسے پارٹی رہنما اور کارکنان مل کر منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقام کا رانا شوکت کی وجہ سے پیپلز پارٹی کے ساتھ ایک عظیم اور تاریخی رشتہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں پارٹی کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے اور پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام پارٹی کی اصل طاقت ہیں اور پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے ہمیں یہی سبق دیا ہے کہ جمہوری اقدار کو مضبوط بنایا جائے اور عوامی مفاد کو مقدم رکھا جائے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کسی کو بھی احتجاج کے جمہوری حق پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے، تاہم دھرنے اور احتجاج کے ذریعے متعلقہ فریق کا موقف سامنے آنا چاہیے اور اس دوران کاروبارِ زندگی متاثر نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق اس وقت پارلیمان وہ فورم ہے جہاں اطمینان کے ساتھ اپنا موقف بیان کیا جا سکتا ہے، اور اگر کوئی جماعت سڑکوں پر احتجاج کرتی ہے تو اسے پرامن رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہر فریق کی رائے سامنے آنی چاہیے، مگر اختلافِ رائے پرامن انداز میں پیش کیا جائے۔ پارلیمان ہی آخری اور مناسب فورم ہے جہاں معاملات کی واضح تصویر سامنے آ سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ کسی کی رائے دوسروں پر مسلط کرنا درست ہے اور نہ ہی کسی رائے کو یکسر مسترد کرنا، بلکہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے جانے چاہئیں۔
معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث دنیا بھر کی معیشتیں متاثر ہوئی ہیں۔ پاکستان تیل درآمد کرتا ہے، اس لیے عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہونے کی صورت میں اسے مہنگا خرید کر سستا فراہم کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات خوش آئند ہیں، تاہم جہاں حکومت غلطی کرے وہاں تنقید بھی ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جذبات کے بجائے زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے "اسلام آباد کو سومنات بنانے" کی بات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے معاملات میں تحمل اور سنجیدگی کا مظاہرہ ضروری ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت پاکستان کا ہر خطہ ہمارا ہے اور تمام علاقوں کے عوام ہمارے اپنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ماضی میں بھی لانگ مارچ کیے ہیں اور ان کے اثرات بھی برداشت کیے ہیں، تاہم حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ بھی یہ نہیں چاہیں گے کہ حالات خراب ہوں، اس لیے تمام فریقین ٹھنڈے دل سے فیصلے کریں اور ملک کے وسیع تر مفاد کو مقدم رکھیں۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل ہمارے وسائل سے زیادہ ہیں، اس لیے ہمیں وسائل بڑھانے اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عزم اور جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور کسی احساسِ کمتری کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عام آدمی کی بات کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی عام آدمی کے حقوق اور مسائل کی آواز بلند کرتی رہے گی۔
کلیدی الفاظ: راجہ پرویز اشرف، پیپلز پارٹی، پرامن احتجاج، جمہوری حق، پنجاب ایگزیکٹو کمیٹی، بلاول بھٹو زرداری، بلدیاتی انتخابات، لاہور
ٹیگز: راجہ پرویز اشرف | پیپلز پارٹی | پرامن احتجاج | پنجاب ایگزیکٹو کمیٹی | بلاول بھٹو زرداری | بلدیاتی انتخابات | لاہور | آصف علی زرداری | امریکہ
No comments yet.