بدھ ،13 مئی 2026 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر کا جشنِ معرکۂ حق ریلی سے خطاب،

پاک فوج کے ساتھ اتحاد اور قومی استحکام پر زور

Editor

4 دن قبل

 

 
 
لاہور : پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر نے جوہر ٹاؤن سے نکالی جانے والی "معرکہ حق ریلی" سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے سیاسی قوتوں اور قومی اداروں کو متحد کر کے پاکستان میں استحکام پیدا کیا، جس کی وجہ سے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیرِ خارجہ دنیا بھر کے دارالحکومتوں کے دورے کر کے پاکستان کو ایک مؤثر عالمی طاقت اور ذمہ دار ریاست کے طور پر متعارف کروایا۔ فیصل میر کے مطابق جنگ کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے ہر عالمی فورم پر پاکستان کا بھرپور دفاع کیا اور بھارتی بیانیے کو شکست دی۔
 
فیصل میر نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ایٹمی پروگرام نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنایا، اور ایٹمی طاقت کی وجہ سے دشمن کبھی پاکستان پر اپنی مرضی مسلط نہیں کر سکتا، جبکہ شہید بے نظیر بھٹو کی دفاعی پالیسیوں اور میزائل ٹیکنالوجی کے فروغ نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے دور میں چین کے ساتھ دفاعی تعاون کو فروغ ملا، جس کے نتیجے میں جے ایف 17 تھنڈر جیسے جدید طیارے پاکستان کی فضائی طاقت بنے۔ فیصل میر نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج، فضائیہ اور بحریہ نے دشمن کو تاریخی شکست دی اور پاکستان پیپلز پارٹی ہر فوجی جوان، افسر، شہید اور غازی کو سلام پیش کرتی ہے، نیز ہر محاذ پر پاک فوج کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے خطاب کے اختتام پر "پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد، جیے بھٹو" کے نعرے لگائے۔
 
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے دیگر قائدین بشمول مجید غوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے وطنِ عزیز کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنانے کی بنیاد رکھی، جبکہ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اس کامیاب سیاسی نظام، جمہوری استحکام اور قومی مفاہمت کے معمار ہیں جن کی بردباری، تدبر اور مفاہمت کی سیاست کی بدولت ملک میں جمہوری نظام مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے ہمیشہ ذاتی مفادات پر قومی مفاد کو ترجیح دی اور ملک میں سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد رکھنے کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے 16 ماہ کے دورِ وزارتِ خارجہ میں پاکستان کے عالمی برادری کے ساتھ تعلقات کو نئی جہت دی اور دنیا بھر میں پاکستان کا مؤقف انتہائی مؤثر انداز میں پیش کیا، انہوں نے دنیا کے اہم دارالحکومتوں کے دورے کرکے پاکستان کی سفارتی تنہائی کا خاتمہ کیا اور عالمی سطح پر پاکستان کو ایک ذمہ دار، پرامن اور باوقار ریاست کے طور پر منوایا، جس کی بدولت آج پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مؤثر اور اہم ثالثی کردار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
 
قائدین نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان کے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جراتمندانہ قیادت، بہترین حکمتِ عملی اور قومی غیرت پر مبنی فیصلوں نے پوری قوم کو متحد اور مضبوط کیا، اور قوم آج اپنی بہادر فوج، شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے "بنیان المرصوص" جیسے تاریخی اور کامیاب دفاعی آپریشن کے ذریعے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر پاک فوج نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وطنِ عزیز کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں ہے۔ فیصل میر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ قومی سلامتی، جمہوریت اور عوامی وحدت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور آج پوری قوم سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دشمن یہ جان لے کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع، آزادی اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ مجید غوری نے کہا کہ پاکستان کے مزدور، رکشہ ڈرائیور، محنت کش اور غریب عوام اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہیں، اور "بنیان المرصوص" صرف ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ قومی اتحاد، ایمان، قربانی اور حب الوطنی کی عظیم علامت ہے، آج پوری پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج، شہداء اور قومی سلامتی کے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور وقار پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
 
ریلی میں جیالوں، محنت کشوں، طلبہ، وکلاء، تاجروں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی اور اپنی بہادر افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، جہاں اس موقع پر فوجی بینڈ بھی بجایا گیا۔ اس عظیم الشان ریلی میں افراز نقوی، حسن اشرف بھٹی، فیاض بھٹی، منیر ڈگراں، شہزادہ نعیم رضا، میاں شاہد عباس، خرم فاروق، منظر عباس کھوکھر، طارق سعید جٹ، عامر نصیر بٹ اور راؤ شجاعت سمیت متعدد رہنما موجود تھے جبکہ مقصومہ بخاری، نرگس خان اور آغا تقی نے بھی ریلی میں شرکت کی۔
Comments

No comments yet.

سب سے زیادہ پڑھا
Effy Jewelry
Effy Jewelry