پی پی پی لاہور کا تنظیمی اجلاس:
تین ماہ میں 22 ہزار نئے عہدیدار بنانے کا اعلان، احتساب کا عمل بھی شروع ہوگا
لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں ایک تنظیمی و تعارفی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ماڈل ٹاؤن تنظیم کے عہدیداروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام پی پی پی لاہور کے صدر فیصل میر نے کیا۔
اجلاس میں خرم فاروق، شاہد عباس کاظمی، مجید غوری، اسجد ملک، حسن عباس، احمد گھمن، نبیل نصیر، نعیم سہیل بٹ، وحید لودھی اور ندیم بٹ سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب میں فیصل میر نے لاہور ڈویژن کا اور افراز نقوی نے ماڈل ٹاؤن تنظیم کا باقاعدہ تعارف کرایا۔
اس موقع پر پی پی پی لاہور کے صدر فیصل میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ تین ماہ کے اندر لاہور بھر میں بائیس ہزار نئے عہدیدار تعینات کیے جائیں گے جبکہ لاہور کے دس ٹاؤن میں ایک سو دس نئے عہدیداروں کا تقرر بھی عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹاؤنز کو ممبرشپ فارمز اور بکس فراہم کیے جائیں گے اور تین ہفتوں کے اندر ممبرسازی کا عمل مکمل کرنا لازمی ہوگا۔
فیصل میر نے مزید کہا کہ ہر ہفتے ٹاؤنز کا آڈٹ کیا جائے گا اور انہیں کمی بیشی سے آگاہ کیا جائے گا۔ تین ہفتے بعد ٹارگٹ پورا کرنے یا نہ کرنے والے عہدیداروں کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ممبرشپ مہم کے آغاز کے اکیس دن بعد تنظیمی عہدیداروں کا احتساب شروع کر دیا جائے گا۔ فیصل میر نے عزم ظاہر کیا کہ صدر آصف علی زرداری کے ہر شہر میں ایک فیصد ممبرشپ کے وژن کو بھرپور انداز میں پورا کر کے دکھایا جائے گا۔
تقریب سے شاہد عباس ایڈووکیٹ، مجید غوری اور افراز نقوی نے بھی خطاب کیا اور تنظیم کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
No comments yet.