پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے وفد کا خانہ فرہنگ ایران کا دورہ
پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے وفد کا خانہ فرہنگ ایران کا دورہ
لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے وفد نے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی کی قیادت میں خانہ فرہنگ ایران کا دورہ کیا۔ اس وفد میں عائشہ نواز چودھری، راو بابر جمیل، احسن رضوی، ذیشان شامی، حسین ترمذی، حسنین راجپوت، نسیم صابر، فرخ بصیر، بشارت علی اور مدثر شاکر شامل تھے۔
اس موقع پر خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ایران پاکستانی حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکر گزار ہے۔ ڈاکٹر اصغر موسوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم آج بھی امریکہ اور اسرائیل کے خلاف فتحیاب ہیں اور ٹرمپ جھوٹ بولتا ہے، کیونکہ جنگ جب شروع ہوتی ہے تو وہ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے۔
ڈی جی خانہ فرہنگ ایران نے کہا کہ شہید ایرانی رہبر پاکستان اور خصوصاً لاہور سے بے حد محبت کرتے تھے اور جب وہ پاکستان کے دورے پر تشریف لائے تھے تو لاہور میں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ شہید رہبر کا پاک خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
ڈاکٹر اصغر موسوی نے کہا کہ عرب ممالک اب جان چکے ہیں کہ انہیں امریکی اڈے کوئی تحفظ نہیں پہنچا رہے اور امارات سمیت دیگر ممالک کو بھی یہ حقیقت واضح ہو چکی ہوگی کہ امریکہ اور اسرائیل کبھی ان کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایران پر عرب ممالک میں موجود امریکی اڈوں سے بمباری کی گئی۔ ڈاکٹر موسوی نے ایران کے نئے سپریم لیڈر کے حوالے سے ہونے والی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ خامنہ ای جوان ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران پاکستان کے لیے ایک دفاعی دیوار کی حیثیت رکھتا ہے۔
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی نے کہا کہ پاکستانی قوم آیت اللہ خامنہ ای کی وفات پر شدید غم میں مبتلا ہوئی اور اللہ تعالیٰ پوری ایرانی قوم کو صبر عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی حکومت اور پیپلز پارٹی اس مشکل گھڑی میں ایرانی قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔ حسن مرتضی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کو شہید رہبر کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انشاء اللہ حالات بہتر ہوتے ہی وہ چنیوٹ کا دورہ کریں گے۔
No comments yet.