ہفتہ ،21 مارچ 2026 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

بلوچستان میں طالبات کے سکول چھوڑنے کی وجوہات کا تدارک کریں گے، راحیلہ حمید درانی

صوبائی وزیر  تعلیم کی جانب سے خواتین کی صحت  اور حفظان صحت کی سہولتیں یقینی بنانے کےلئے اقدامات  پر خصوصی زور دیا گیا

Editor

ایک ماہ قبل

Voting Line


 

کوئٹہ : صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے کہا ہے کہ حکومت بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث طالبات کے سکول چھوڑنے کی تشویشناک شرح کو روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عزت و وقار ایک بنیادی آئینی حق ہے، لہٰذا خواتین کی صحت اور حفظانِ صحت کی بنیادی مصنوعات تک سستی رسائی اب ایک فوری تعلیمی ضرورت بن چکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ایچ ایم ڈبلیو جی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر تعلیم نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ صوبے کی 89 فیصد نوعمر لڑکیوں کو حفظان صحت  کے لیے  درکارمناسب سہولیات میسر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوتِ خرید میں  کمی طالبات کی غیر حاضری اور تعلیمی عدم مساوات کی ایک بڑی وجہ ہے جس کے سدباب کے لیے فوری  حکومتی  سطح کے اقدامات ناگزیر ہیں۔

صوبائی ٹیکس ریفارمز کمیٹی کی چیئرپرسن کی حیثیت سے محترمہ درانی نے وفاقی اور صوبائی سطح پر موثر قانون سازی کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی صحت اور حفظانِ صحت سے جڑی ان بنیادی اشیاء پر اب "لگژری ٹیکس" کا اطلاق نہیں ہونا چاہیے۔ ان مصنوعات کو وفاقی اور صوبائی ٹیکس دائرہ کار میں "ضروری اشیاء" کا درجہ دلوانے کے لیے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ اور سیاسی قیادت کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی پر تیزی سے عمل کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل، پالیسی ایڈوکیسی اسپیشلسٹ شفقت عزیز اور ایم ایچ ایم ڈبلیو جی سیکرٹریٹ بلوچستان کی صوبائی مینیجر شاہانہ تبسم نے وزیر تعلیم کو متعلقہ صوبائی حکمت عملی (2030-2025) اور مجوزہ مالیاتی اصلاحات پر بریفنگ دی۔ وفد نے انہیں بلوچستان سیلز ٹیکس ایکٹ 2015 اور وفاقی ٹیکس ڈھانچے کے حوالے سے محکمہ خزانہ اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے ساتھ جاری ان تکنیکی مشاورتوں سے بھی آگاہ کیا، جن کا مقصد اس سیاسی عزم کو ایک موثر اور قابلِ عمل قانونی دستاویز کی شکل دینا ہے۔

Comments

No comments yet.

سب سے زیادہ پڑھا
Effy Jewelry
Effy Jewelry