بلاول بھٹو وزیراعظم بنیں گے: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر
پیپلز پارٹی پنجاب میں بحال ہو چکی ہے،
لاہور : گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ ان کا ایمان ہے کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں بحال ہو گی نہیں بلکہ بحال ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک فیملی ہے اور ہمارا مشن اس پارٹی کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی لاہور میں مضبوط ہو گی تو پورے پنجاب میں مضبوط ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو صرف اس لیے وزیراعظم نہیں بنانا کہ وہ ہمارے چیئرمین ہیں بلکہ ان کے وژن، بہادری اور جدوجہد کو دیکھتے ہوئے انہیں وزیراعظم بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب شہیدوں کا وارث آئے گا تو مزدور، کسان اور ہاری خوشحال ہوں گے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر وومن پاکستان پیپلز پارٹی لاہور ڈویژن کی جانب سے ٹھوکر تا جوہر ٹاؤن نکالی گئی شاندار ریلی میں شرکت کے بعد جوہر ٹاؤن آفس میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ اس ریلی میں پی پی لاہور کے صدر فیصل میر، مجید غوری، میاں ایوب، ایڈون سہوترا، منظر عباس کھوکھر اور فیاض بھٹی سمیت سینکڑوں کارکن شریک تھے جنہوں نے ٹھوکر نیاز بیگ پناہ گاہ سے جوہر ٹاؤن آفس تک جگہ جگہ گورنر پنجاب کا استقبال کیا۔ کارکنوں نے سردار سلیم حیدر کی گاڑی کو پھولوں کی پتیوں سے ڈھانپ دیا، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور گھوڑوں کا رقص بھی پیش کیا گیا۔ کارکن "تیرا امیر میرا امیر، فیصل میر فیصل میر"، "شیروں کا شکاری زرداری" اور "وزیراعظم بلاول بھٹو" کے نعرے لگا رہے تھے۔ جوہر ٹاؤن آفس میں رانا جمیل منج، آصف ناگرہ، امجد جٹ، نصیر احمد، شاہدہ جبیں، عائشہ غوری، شاہد عباس ایڈووکیٹ اور ریاض جٹ سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر اور مجید غوری نے تھوڑے عرصے میں پارٹی کو بالکل نئی زندگی دے دی ہے اور گزشتہ تنظیم نے بھی مشکل حالات میں پارٹی کا پرچم بلند رکھا۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تنظیم کے تمام ساتھی نئی تنظیم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کی نظر جس پر پڑتی ہے تو ٹھیک پڑتی ہے اور فیصل میر دن رات کام کر رہے ہیں، اسی جذبے کی سب کو ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ڈیڑھ برس میں پارٹی میں بہت سے لوگوں کو شامل کیا گیا لیکن مجید غوری کی شمولیت پر زیادہ فخر ہے اور فیصل میر خوش قسمت ہیں کہ انہیں مجید غوری جیسا بازو ملا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ کوئی ایسا جیالہ نہیں رہا جو ناراض ہو کر گھر میں بیٹھا ہو۔ انہوں نے دعوے کے ساتھ کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے کارکن ہیں اور کارکنوں کی محبت کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے اور وہ کارکنوں کا دل نہیں توڑ سکتے، جب بھی آواز دی جائے گی تو ساری سیکورٹی توڑ کر کارکنوں تک پہنچیں گے۔ گورنر پنجاب نے کارکنوں کو واضح طور پر کہا کہ سوشل میڈیا پر جو جیسی بات کرے اس سے بڑھ کر جواب دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پیدائشی لیڈر ہیں اور نہ کسی پر زیادتی کرنی ہے اور نہ ہی کسی کو زیادتی کرنے کی جرات کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ لاہور میں 1988 والا نتیجہ لائیں گے اور اگر یونین کونسل کی سطح پر تنظیمیں بنا لی جائیں تو کوئی کامیابی سے نہیں روک سکتا۔
پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر نے کہا کہ لاہور میں 22 ہزار 950 عہدیدار گورنر پنجاب کی قیادت میں بنائے جائیں گے اور 29 مارچ کو بھٹو شہید کی برسی کے سلسلے میں لبرٹی چوک پر اور 14 اگست کو مینار پاکستان پر شاندار جلسے منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پنجاب حکومت راوی کا پانی شہریوں کو دینے کے صدر زرداری کے 30 برس پرانے مطالبے پر عمل درآمد کرائے۔ فیصل میر نے کہا کہ انہوں نے بچپن سے پی پی کے گورنر آتے جاتے دیکھے ہیں اور آج خوش قسمتی سے جیالے سردار سلیم حیدر گورنر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی اور گورنر ہوتا تو کارکن اس سے 30 فٹ دور بیٹھے ہوتے جبکہ صرف سلیم حیدر ہی ورکرز کے درمیان ورکر بن کر رہتے ہیں اور انہوں نے پنجاب کے شہر شہر اور گلی گلی میں پیپلز پارٹی کو کھڑا کرنے کی کوشش کی ہے۔
مجید غوری نے اس موقع پر کہا کہ سوشل میڈیا پر صدر زرداری نے جو بات کہی وہ درست تھی اور ہم اس پر پہرہ دیں گے اور پیپلز پارٹی لاہور کے صدر کی مہک سے مینار پاکستان کو بھریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں درویش صفت عوامی گورنر سردار سلیم حیدر کو خوش آمدید کہتے ہیں کیونکہ آپ ہر کارکن کی دہلیز پر گئے جو پیپلز پارٹی کا حسن ہے۔
No comments yet.