لاہور کی شاندار ریلی نے ثابت کیا کہ پیپلز پارٹی پوری آن بان کے ساتھ زندہ ہے: راجہ پرویز اشرف
لاہور کی شاندار ریلی نے ثابت کیا کہ پیپلز پارٹی پوری آن بان کے ساتھ زندہ ہے: راجہ پرویز اشرف
لاہور : پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے مال روڈ پر منعقدہ "کشمیر بنے گا پاکستان" ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ لاہوریوں نے دل جیت لیے ہیں اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے آج تاریخ رقم کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پورا پاکستان پیپلز پارٹی کا میدان بنے گا اور لاہور کے عظیم کارکنوں نے مال روڈ پر ثابت کر دیا ہے کہ پیپلز پارٹی پوری آن بان اور شان کے ساتھ زندہ ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے اس شاندار ریلی پر فیصل میر، ڈاکٹر عائشہ اور مجید غوری کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے دہشت گردی ختم کرانا چاہتے ہیں اور یہاں سکون، امن اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمسایوں سے امن چاہتا ہے مگر جارحیت کرنے والوں کو نیست و نابود کر دیں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کی جانب سے ناصر باغ سے چیئرنگ کراس تک منعقدہ اس ریلی کی قیادت راجہ پرویز اشرف کے ساتھ جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی، سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ، احسن رضوی، فیصل میر، ڈاکٹر عائشہ شوکت، ڈاکٹر فرید ظفر اور مجید غوری نے کی۔ ریلی سے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی، شہزاد سعید چیمہ، فیصل میر، ڈاکٹر عائشہ شوکت اور ذیشان اکبر نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض مجید غوری نے ادا کیے۔
ریلی میں چاروں اضلاع کے صدور زاہد ذوالفقار، امجد جٹ، آصف ناگرہ اور چوہدری عاطف رفیق اپنے قافلوں کے ساتھ پہنچے۔ اس کے علاوہ رانا جمیل منج، بیگم ناصرہ شوکت، سبط حسن، شاہدہ جبین، ذیشان شامی، آغا تقی، عارف خان، عدنان گورسی، منظر عباس کھوکھر، فیاض بھٹی، بابا نامہ، چوہدری ریاض، عمران ڈوگر، عامر نصیر بٹ، شاہد عباس ایڈووکیٹ، رانا صفدر دلشاد، ندیم ملک اور ایڈون سہوترا سمیت ہزاروں جیالے شریک تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بھٹو نے کہا تھا کہ گھاس کھا لیں گے مگر ایٹمی پروگرام بنائیں گے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج فیصل میر اور مجید غوری کو شاندار ریلی پر مبارکباد دیتے ہیں اور ہماری جنگ کسی حکمران کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردی اور بے روزگاری کے خلاف ہے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر نے کہا کہ اس وقت ہمارے جلوس کا ایک سرا چیئرنگ کراس پر ہے اور دوسرا ناصر باغ سے بھی پیچھے ہے اور یہ عوامی سمندر تاریخ میں مثال نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی لاہور نے آج کشمیر کے حق میں اور نریندر مودی کے خلاف ایسی عوامی قوت دکھائی ہے جو پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلے کبھی نظر نہیں آئی۔
پیپلز پارٹی لاہور کے صدر نے کہا کہ یہ کئی کلومیٹر طویل جلوس شہید بھٹو، شہید بی بی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی کشمیر جدوجہد کا عوامی اظہار ہے۔ پیپلز پارٹی لاہور نے مسئلہ کشمیر پر بھارت کے خلاف جدوجہد کو آج ایک نئی عوامی انتہا تک پہنچا دیا ہے اور پیپلز پارٹی آج پاکستان کی بہادر افواج کی کشمیر کے لیے لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
فیصل میر نے کہا کہ لاہور کی سڑکوں پر امڈ آنے والی یہ عوامی طاقت فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاک فوج کی جرات و بہادری کو سلام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اگر بھارت پرامن طریقے سے کشمیر آزاد نہیں کرتا تو پاک فوج فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں کشمیر آزاد کروائے گی۔ فیصل میر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آج لاہور میں مسئلہ کشمیر کو پھر سے زندہ کر دیا ہے اور پیپلز پارٹی لاہور اور پنجاب واپس لینے آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم آئندہ پیپلز پارٹی کا ہوگا۔
فیصل میر نے کہا کہ پیپلز پارٹی لاہور کا مطالبہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے امن بورڈ میں مسئلہ کشمیر کو شامل کیا جائے کیونکہ بھارت کشمیر میں وہی مظالم کر رہا ہے جو غزہ میں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم بھارت نہیں جا رہی تو پاکستان بھی بنگلہ دیش سے یکجہتی کرتے ہوئے کرکٹ ٹیم بھارت نہ بھیجے اور بھارت کے خلاف سفارتی، سیاسی اور عوامی سطح پر عالمی مہم تیز کریں گے۔
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ تخت لاہور آج کانپ رہا ہے اور لاہور کے جیالوں اور جیالیوں نے ایک ملین مارچ کر دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہو یا غزہ، معیشت ہو یا دہشت گردی، تمام مسائل بلاول حل کریں گے۔
پیپلز پارٹی لاہور کی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عائشہ شوکت نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کو دستور اور عام آدمی کو ووٹ کا حق دیا۔ عوامی رکشہ یونین کے صدر ذیشان اکبر نے کہا کہ عوامی رکشہ یونین آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی میں شریک ہے اور انشاء اللہ کشمیر بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستان بنے گا۔
ریلی میں سینکڑوں گاڑیاں اور موٹرسائیکلوں پر چاروں اضلاع سے جیالے شرکت کے لیے پہنچے۔ ریلی میں پارٹی قیادت اور میڈیا کے لیے الگ الگ ٹرکوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ سبط حسن پیپلز سٹوڈنٹس کے بڑے قافلے کے ساتھ ریلی میں شریک ہوئے۔ پیپلز یوتھ، لیبر یونین، رکشہ یونین اور ویمن ونگ کے قافلوں نے بھی شرکت کی۔ کارکنوں نے ریلی کے سارے راستوں میں پارٹی ترانوں پر بھنگڑے ڈالے۔ ریلی مال روڈ پر پہنچتے پہنچتے ملین مارچ کی شکل اختیار کر گئی اور جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی وزیر اعظم باؤ بھٹو کے نعرے لگواتے رہے۔
No comments yet.