پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کا اہم تنظیمی اجلاس، کشمیر ریلی میں شرکت کا اعلان
پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کا اہم تنظیمی اجلاس، کشمیر ریلی میں شرکت کا اعلان
لاہور، : پاکستان پیپلز پارٹی کی پنجاب ایگزیکٹو اور نئے تنظیمی عہدیداروں کا ماڈل ٹاؤن میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت راجہ پرویز اشرف نے کی۔ اجلاس میں حسن مرتضیٰ، شہزاد سعید چیمہ، رانا فاروق سعید، نیلم جبار، احسن رضوی، رانا جواد، فیصل میر، میاں ایوب، ایڈیٹر خیام حفیظ، بابر جمیل، ارشد جٹ، عمائمہ افتخار اور چوہدری ریاض نے شرکت کی۔
راجہ پرویز اشرف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم نو کے بعد تنظیمی عہدیداروں کا تعارفی اجلاس تھا۔ انہوں نے بتایا کہ نئے عہدیداروں کی اکثریت کا تعلق ہائی اسکول فیڈریشن اور پیپلز یوتھ سے ہے، جبکہ پرانے عہدیداروں نے نئے آنے والوں کو خوش دلی سے قبول کیا ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ وسطی پنجاب میں تنظیم نو کے بعد یونین کونسل لیول تک تنظیمیں بنانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں فیصل میر اور ڈاکٹر عائشہ کی شکل میں ولولہ انگیز قیادت آئی ہے جو پارٹی کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے اعلان کیا کہ کل مال روڈ پر ہونے والی کشمیر بنے گا پاکستان ریلی میں پارٹی بھرپور شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیر کی آواز اٹھائی ہے اور پیپلز پارٹی کا کشمیر سے تاریخی رشتہ ہے جسے کل پیپلز پارٹی لاہور اجاگر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے لوگ اس پرامن ریلی میں شرکت کریں گے۔
## کاشتکاروں کے مسائل پر فوری توجہ کی ضرورت
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کاشتکار پنجاب میں پس رہا ہے اور پنجاب حکومت کو اس مسئلے کی طرف ہنگامی طور پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار کو معاشی نقصان کا اثر آئندہ فصلوں پر پڑتا ہے اور امید ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کاشتکاروں کی دادرسی کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم اتحادی حکومت کا حصہ ہیں اس میں شکایات پیدا ہوتی رہتی ہیں لیکن یہ اتحاد ریاست کے لیے بنایا گیا ہے، سیاست کے لیے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، لاہور یا کسی جگہ حادثہ ہو تو سب کو تکلیف ہوتی ہے۔ تنقید کرتے وقت ذاتی نہیں ہونا چاہیے اور عوام کے مسائل پر توجہ دینی ہوگی۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پارٹی کو فیڈ بیک ملتا رہا ہے اور تنظیم سازی مشاورت سے کی گئی ہے۔ پیپلز پارٹی نئی تنظیم سازی سے مطمئن ہے۔ غزہ پیس بورڈ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس میں پاکستان کا موجود ہونا ضروری تھا اور بورڈ میں نہ بیٹھنا بڑی غلطی ہوتی، ہم نے خواہ مخواہ اسے ایشو بنا لیا ہے۔
بسنت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بسنت خوبصورت تہوار ہے اور لوگوں کو ان کی خوشیاں دینی چاہیے، تاہم بسنت کو محفوظ اور پرامن بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ کاشتکار وینٹی لیٹر پر آخری سانسیں لے رہا ہے اور پنجاب میں پیپلز پارٹی کی باقی تنظیمیں دو ماہ میں مکمل کر لی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن اور جنرل الیکشن کے ذریعے پنجاب میں کم بیک کریں گے۔
No comments yet.