بدھ ،4 فروری 2026 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

لاہور میں پیپلز پارٹی کے نومنتخب عہدیداروں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

لاہور میں پیپلز پارٹی کے نومنتخب عہدیداروں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

Editor

2 ہفتے قبل

 

 
 
 
 
لاہور :- رکن قومی اسمبلی ثمینہ خالد گھرکی کی زیرصدارت پاکستان پیپلز پارٹی لاہور ڈویژن کے نومنتخب عہدیداروں کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں پارٹی کی اہم شخصیات بشمول حاجی عزیز الرحمن چن، میاں ایوب، عقیلہ یوسف، فیصل میر، ڈاکٹر عائشہ شوکت، رانا جمیل منج، آصف محمود ہاشمی، شہیم صفدر، نرگس خان، صغیرہ اسلام، مسز عرفان، فائزہ ملک، آصف محمود ناگرہ، امجد جٹ، منیر ڈگرا، سفیان خالد گھرکی، عامر نصیر بٹ، امجد علی، مجید غوری، راو خالد ایڈووکیٹ، راو شجاعت، رانا اشعر نثار، ندیم ملک، عبدالرحمن لودھی، شیباز درانی اور خرم فاروق ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔
 
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ثمینہ خالد گھرکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیصل میر اور ڈاکٹر عائشہ شوکت کو بہت بھاری ذمہ داری ملی ہے اور انہیں سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ انہوں نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی ترقی کے لیے اتحاد اور یکجہتی انتہائی ضروری ہے۔
 
صدر پیپلز پارٹی لاہور ڈویژن فیصل میر نے اپنے جذباتی خطاب میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اعتماد پر وہ بے حد شکرگزار ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ نئی ذمہ داری نبھانے کے لیے لاہور کی گلی گلی میں جائیں گے اور تمام دوستوں اور کارکنوں سے مل کر پارٹی کو لاہور میں منظم کریں گے۔ فیصل میر نے واضح کیا کہ وہ سوچنے کے انداز کو گروپ بندی نہیں سمجھتے اور سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کا سیاسی منظرنامہ تبدیل کر کے بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنانا ان کا اہم ترین ہدف ہے۔ فیصل میر نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ کارکنوں کے مشوروں سے لاہور شہر میں پارٹی کا نیا دفتر قائم کریں گے تاکہ تنظیمی امور کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
 
جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی لاہور ڈویژن ڈاکٹر عائشہ شوکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کے تصورات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گی۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کا فوکس پنجاب میں پیپلز پارٹی کو برسراقتدار لانا اور بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنانا ہے۔ ڈاکٹر عائشہ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں پارٹی کی ترقی کے لیے وقف کر دیں گی۔
 
شہیم صفدر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو تنظیمی ذمہ داری اور اعزاز انہیں ملا ہے، وہ بہترین نتائج دینے کی کوشش کریں گے اور پارٹی کی توقعات پر پورا اتریں گے۔
 
حاجی عزیز الرحمن چن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے پارٹی کی تنظیم نو کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ اقدام پارٹی کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
 
آصف محمود ہاشمی نے فیصل میر اور ڈاکٹر عائشہ شوکت کو نئے عہدے سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فیصل میر نے اپنی صلاحیتوں اور محنت سے یہ عہدہ حاصل کیا ہے اور وہ اس ذمہ داری کو بخوبی نبھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
 
میاں ایوب نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آئندہ وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں اور پیپلز پارٹی ایک بار پھر مرکز میں حکومت قائم کرے۔
 
رانا جمیل منج نے فیصل میر، ڈاکٹر عائشہ شوکت اور شہیم صفدر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی ڈسپلن کے تحت نومنتخب عہدیداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے اور پارٹی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
 
نرگس خان نے کہا کہ دیر آید درست آید، اور امید ہے کہ نومنتخب عہدیدار پارٹی میں گروپ بندی کا خاتمہ کریں گے اور اتحاد و یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
 
تقریب کے دوران فیصل میر، ڈاکٹر عائشہ شوکت اور شہیم صفدر کو پارٹی عہدیداروں کی جانب سے ہار پہنائے گئے اور گلدستے پیش کیے گئے۔ موقع پر موجود رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ عہدوں کی ری شفلنگ میں وفادار کارکنوں کو بھی ایکوموڈیٹ کیا جائے تاکہ ان کی محنت اور لگن کا اعتراف ہو سکے۔
 
فائزہ ملک، آصف محمود ناگرہ، امجد جٹ، عامر نصیر بٹ اور منیر ڈگرا نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب عہدیداروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کامیابی کی دعائیں دیں۔
Comments

No comments yet.

سب سے زیادہ پڑھا
Effy Jewelry
Effy Jewelry