شہید ایڈووکیٹ خالد خان خٹک کے نام سے فاؤنڈیشن کے قیام کا اعلان
شہید ایڈووکیٹ خالد خان خٹک کی زندگی اور خدمات کی یاد میں ان کے اہلِ خانہ نے ان کے نام سے ایک فاؤنڈیشن کے قیام کا اعلان کیا۔
درگئی ( پریس ریلیز،15 دسمبر 2025) شہید ایڈووکیٹ خالد خان خٹک کی زندگی اور لازوال خدمات کی یاد میں، ان کے اہلِ خانہ نے ایک فاؤنڈیشن کے قیام کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد اُن اقدار کا فروغ ہے جنہیں انہوں نے پوری دیانت داری کے ساتھ اپنی زندگی میں اپنایا—جن میں سرِفہرست ایک تعلیم یافتہ اور پُرامن معاشرے کا قیام شامل ہے۔
شہید ایڈووکیٹ خالد خان خٹک، صدر درگئی بار ایسوسی ایشن، کو 28 اگست 2025 کو ضلع ملاکنڈ میں اپنے آبائی گاؤں کے قریب شہید کر دیا گیا۔ اگرچہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اس مقدمے کی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم اس گھناؤنے قتل میں ملوث عناصر تاحال قانون کی گرفت میں نہیں آ سکے۔
خالد خٹک محض ایک ممتاز وکیل ہی نہیں تھے۔ ان کی شہادت نے درگئی اور ضلع ملاکنڈ کو ایک قابلِ اعتماد امن پسند رہنما سے محروم کر دیا ہے۔ وہ تعلیم کے پُرجوش داعی تھے، بالخصوص خواتین کی تعلیم کے علمبردار، امن و مفاہمت کی علامت، معاشرتی اختلافات کو ختم کرنے اور ٹوٹے ہوئے خاندانوں کو جوڑنے والے، مظلوموں کی بے خوف آواز، اور ایک ایسی نایاب شخصیت تھے جو آخری سانس تک بے لوث خدمت کی عملی تصویر بنے رہے۔
خالد خان خٹک کی شہادت محض ان کے خاندان کا ذاتی صدمہ نہیں بلکہ اسلحے، تشدد اور مجرموں کے بے سزا رہ جانے کے نا انصافی کے کلچر کے خلاف ایک واضح پکار ہے۔ اسی احساسِ ذمہ داری کے تحت، ان کے اہلِ خانہ نے اپنے گہرے غم کو روشنی اور امید کے ایک سرچشمے میں ڈھالنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کے نام سے ایک فاؤنڈیشن قائم کرنے کا ارادہ کیا ہے۔
شہید خالد خٹک فاؤنڈیشن ان کی زندگی بھر کی عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے درج ذیل مقاصد کے لیے کام کرے گی:
1۔ غریب اور مستحق طلبہ کو تعلیمی وظائف فراہم کرنا تاکہ وہ تعلیم کے ذریعے بہتر مستقبل تعمیر کر سکیں؛
2۔ ضرورت مند خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنا اور مشکل حالات میں ان کا سہارا بننا۔:
ہم ملاکنڈ کی وکلا برادری، سول سوسائٹی اور باکردار سرکاری حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور ہمارے اس مشترکہ غم کو اجتماعی جدوجہد میں تبدیل کرتے ہوئے اُس منصفانہ، پُرامن اور باہمدرد معاشرے کی تعمیر کے لیے مل کر کام کریں جس کا خواب شہید خالد خان خٹک نے دیکھا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
No comments yet.