دربار حضرت سلطان باہو کے گدی نشین کی پیپلز پارٹی کو مکمل حمایت کا اعلان
متعدد سیاسی شخصیات کی پیپلز پارٹی میں شمولیت، بلاول بھٹو کی خوش آمدید
لاہور:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دربار حضرت سلطان باہو کے گدی نشین صاحبزادہ محمد نجیب سلطان کے درمیان گورنر ہاؤس لاہور میں ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں صاحبزادہ زین سلطان بھی موجود تھے۔ اس ملاقات میں دربار حضرت سلطان باہو کے گدی نشین صاحبزادہ محمد نجیب سلطان نے پاکستان پیپلز پارٹی کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے مریدین کو پیپلز پارٹی کو سپورٹ کرنے کی واضح ہدایات جاری کیں۔ یہ سیاسی اتحاد پیپلز پارٹی کے لیے ایک اہم کامیابی تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ دربار حضرت سلطان باہو کا وسیع مذہبی اور سماجی اثر و رسوخ پنجاب بھر میں پھیلا ہوا ہے۔
ضلع اٹک سے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے بریگیڈئیر ریٹائرڈ عاصم نواز، اٹک کے سابق سٹی ناظم ملک طاہر احمد اعوان اور سردار احمد نواز نے بھی گورنر ہاؤس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی جہاں چیئرمین نے ان تمام شخصیات کو پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہتے ہوئے پارٹی کے مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ ملاقاتیں پیپلز پارٹی کی بڑھتی ہوئی سیاسی قوت اور مختلف علاقوں میں اس کی بنیادوں کو مضبوط بنانے کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گورنر ہاؤس لاہور میں مختلف شہروں سے پارٹی میں شامل ہونے والی نمایاں سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ پہلی ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے ضلع لیہ کے سجاد حسین خان تنگوانی المعروف سجن خان نے حاجی محمد رمضان بھلر کے ہمراہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی جس پر چیئرمین نے انہیں پارٹی میں شامل ہونے پر گرمجوشی سے خوش آمدید کہا۔
No comments yet.