چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کامریڈ زبیدہ شاہین کے لواحقین سے تعزیت، جمہوریت کی خدمات کو خراج عقیدت
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کامریڈ زبیدہ شاہین کے لواحقین سے تعزیت، جمہوریت کی خدمات کو خراج عقیدت
لاہور (نمائندہ خصوصی): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں واقع چمن پارک تشریف لائے جہاں انہوں نے معروف سیاسی کارکن اور جمہوریت کی سرگرم علمبردار کامریڈ زبیدہ شاہین کے انتقال پر ان کے لواحقین سے تعزیت کی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مرحومہ کے لواحقین کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے غم میں شریک ہونے کے لیے خصوصی طور پر ان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کامریڈ زبیدہ شاہین کی صاحبزادیوں زاہدہ جعفری، شاہدہ جعفری، عابدہ جعفری، رباب جعفری اور حجاب جعفری سے اظہار تعزیت کیا اور ان کے دکھ اور صدمے میں برابر کی شرکت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحومہ کے صاحبزادوں عابد جعفری، واجد علی، علی اصغر جعفری، شفقت جعفری، ساجد جعفری اور نواسے حسن رضا سے بھی رنج و غم کا اظہار کیا اور اس مشکل گھڑی میں انہیں حوصلہ اور تسلی دی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے دیگر سوگواران بشمول عقیلہ عابد، قیصرہ بی بی، ثمیرہ علی اصغر، منزہ ساجد اور مہرالنساء شفقت سے بھی دلی تعزیت کی اور انہیں یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان اس غم کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کامریڈ زبیدہ شاہین کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا کی اور فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔ انہوں نے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور اللہ تعالیٰ سے درخواست کی کہ وہ سوگوار خاندان کو اس صدمے کو برداشت کرنے کی طاقت عطا فرمائے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے معروف سیاسی کارکن زبیدہ شاہین کی جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لیے کی جانے والی مسلسل جدوجہد اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کامریڈ زبیدہ شاہین نے اپنی پوری زندگی جمہوری اقدار کی پاسداری اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر دی تھی اور ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مرحومہ کی یاد ہمیشہ تحریک اور پیپلز پارٹی کے کارکنان کے دلوں میں زندہ رہے گی اور ان کے نقش قدم پر چل کر جمہوریت کی جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا۔
No comments yet.