صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کا کاشغر فری ٹریڈ زون کا دورہ
صدر آصف علی زرداری نے دورے کے دوران وسط ایشیائی ممالک، یورپ، جنوبی کوریا اور جاپان کے اسٹالز کا معائنہ کیا۔
کاشغر، 21 ستمبر 2025
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے کاشغر فری ٹریڈ زون کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال کاشغر کے کمیونسٹ پارٹی سیکرٹری یاو ننگ نے کیا۔
صدر کو زون کے قیام اور اس کی ترقی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کاشغر فری ٹریڈ زون ساڑھے تین مربع کلومیٹر پر محیط ہے، جس میں ویئر ہاؤسنگ، لاجسٹکس، پراسیسنگ، کسٹمز اور ائیر فریٹ کی جدید سہولیات موجود ہیں۔ زون کی تجارتی سرگرمیاں دنیا کے 118 ممالک تک پھیلی ہوئی ہیں۔ یہاں سے ای وی گاڑیاں، بیٹریاں، سولر سیلز اور دیگر ہائی ٹیک مصنوعات برآمد کی جاتی ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ یہ زون سڑک، ریل اور فضائی راستوں کے ذریعے ایشیا اور یورپ سے منسلک ہے جبکہ اس کا اپنا انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی موجود ہے۔ کاشغر فری ٹریڈ زون کا براہِ راست رابطہ گلگت بلتستان کے سست پورٹ اور گوادر پورٹ سے بھی قائم ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے دورے کے دوران وسط ایشیائی ممالک، یورپ، جنوبی کوریا اور جاپان کے اسٹالز کا معائنہ کیا۔ انہیں ڈیجیٹل ٹریڈ سینٹر اور ای کامرس نمائش گاہ کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ صدر کو ازبکستان اور کرغزستان کے تعاون سے بننے والے انڈسٹریل پارکس پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ اور دونوں ممالک کے سفراء بھی صدر کے ہمراہ تھے۔
No comments yet.