صدر آصف علی زرداری کا کاشغر یونیورسٹی کا دورہ
صدر نے طلباء کو ہدایت دی کہ وہ بھرپور محنت سے تعلیم حاصل کریں اور پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
کاشغر، 21 ستمبر 2025
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے کاشغر یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں ان کا پُرتپاک استقبال پارٹی سیکرٹری ڈنگ بانگ وین، کاشغر کے پارٹی سیکرٹری یاو ننگ، اساتذہ اور طلباء نے کیا۔
کاشغر یونیورسٹی 1962 میں قائم ہوئی تھی اور 2015 میں اسے مکمل یونیورسٹی کا درجہ حاصل ہوا۔ اس وقت یونیورسٹی میں تقریباً 40 ہزار طلباء و اساتذہ موجود ہیں جبکہ توقع ہے کہ جلد یہ تعداد 50 ہزار تک پہنچ جائے گی۔ یونیورسٹی سائنس، انجینئرنگ، ٹیکنالوجی، زراعت، سماجی علوم، آرٹس اور کلچر سمیت مختلف شعبہ جات میں تعلیم فراہم کر رہی ہے۔
صدر آصف علی زرداری کو سی پیک سینٹر کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستانی طلباء سے ملاقات کی اور ان کے تعلیمی و رہائشی حالات دریافت کیے۔
طلباء نے صدر کو بتایا کہ تعلیم، ہاسٹل اور وظیفہ مکمل طور پر چینی حکومت فراہم کر رہی ہے۔ صدر نے طلباء کو ہدایت دی کہ وہ بھرپور محنت سے تعلیم حاصل کریں اور پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
No comments yet.