صدر زرداری کا چنگدو میں دوسرے گولڈن پانڈا فورم سے خطاب، فن و ثقافت کو امن اور ترقی کا ضامن قرار
صدر مملکت نے کہا کہ فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتیں سرحدوں کی قید سے آزاد ہوتی ہیں اور یہ لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہیں۔
چنگدو: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے چین کے صوبہ سچوان میں منعقدہ دوسرے گولڈن پانڈا انٹرنیشنل کلچر فورم سے خطاب کرتے ہوئے ایوارڈ جیتنے والے فنکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتیں سرحدوں کی قید سے آزاد ہوتی ہیں اور یہ لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہیں۔
صدر زرداری نے فورم کے دوران پولیٹیکل بیورو کے رکن اور وزیرِ پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ لی شو لی کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ’تبادلہ تہذیب اور باہمی سیکھنے‘ کے وژن کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
اپنے خطاب میں صدر مملکت نے چین کے عالمی اقدامات GDI، GSI اور GGI کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ یہ منصوبے پائیدار ترقی، علاقائی استحکام اور عالمی اداروں میں شمولیت کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر GGI کے کردار کو سراہا جو تہذیبی تنوع، ثقافتی برابری اور عوامی روابط کو مضبوط کرتا ہے۔
صدر زرداری نے زور دیا کہ "فن ایک عالمی زبان ہے جو فاصلے مٹا دیتی ہے"۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی احترام اور تعاون کی بہترین مثال ہے، جبکہ ثقافت امن، خوشحالی اور مشترکہ مستقبل کے لیے ایک اہم پل کا کردار ادا کرتی ہے۔
No comments yet.