ہفتہ ،13 ستمبر 2025 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

اقلیتوں نے پاکستان کی ترقی، استحکام اور قومی یکجہتی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے — صدر آصف علی زرداری

قائداعظم محمد علی جناح کا وژن مساوات، رواداری، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی پر مبنی پاکستان کا قیام تھا — صدر آصف علی زرداری

Editor

ایک ماہ قبل

Voting Line

اسلام آباد: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے قومی اقلیتی دن کے موقع پر اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ اقلیتوں نے پاکستان کی ترقی، استحکام اور قومی یکجہتی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا وژن مساوات، رواداری، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی پر مبنی پاکستان کا قیام تھا، اور اسلام کا پیغام امن، انصاف، رواداری اور انسانی وقار کی حفاظت ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ میثاقِ مدینہ تمام شہریوں کو مساوی حقوق دینے کی روشن اور تاریخی مثال ہے، جبکہ آئینِ پاکستان اقلیتوں کے بنیادی حقوق اور ان کے تحفظ کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم ہر قسم کے امتیاز، انتہاپسندی اور تشدد کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستیں ان کی سیاسی شمولیت کو یقینی بناتی ہیں، سرکاری ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹہ مختص ہے اور اقلیتی طلبہ کو پرائمری سے اعلیٰ تعلیم تک اسکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں۔ حکومت کی بین المذاہب ہم آہنگی کی پالیسی قومی اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دے رہی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے یقین دلایا کہ اقلیتوں کی عبادت گاہیں قابضین سے واپس لے کر اصل منتظمین کو دی جائیں گی اور تمام شہریوں کو مذہب سے بالاتر ہو کر مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک جامع، مضبوط اور باہمی احترام پر مبنی پاکستان کی تعمیر کریں گے اور متحد ہو کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔

اس موقع پر اقلیتی رہنماؤں نے 11 اگست کو قومی اقلیتی دن قرار دینے پر صدرِ مملکت کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں، اپنے خصوصی پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کا دن اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور قومی ہم آہنگی کے عزم کی تجدید کا دن ہے، جو قائداعظم کے اس وژن کی یاد دہانی کراتا ہے جس میں ہر شہری کو برابری اور باہمی احترام کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادریوں نے مسلح افواج، عدلیہ، سول سروسز، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں شاندار خدمات انجام دی ہیں اور ان کی حب الوطنی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ آئین اقلیتوں کے سیاسی، معاشی، مذہبی، سماجی اور ثقافتی حقوق کا مکمل تحفظ کرتا ہے۔ حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جس میں تعلیمی وظائف اور مالی معاونت شامل ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2009 میں، اپنی پہلی مدتِ صدارت کے دوران، 11 اگست کو باقاعدہ قومی اقلیتی دن قرار دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بین المذاہب مکالمے کو فروغ دیا جائے گا اور قومی زندگی میں اقلیتوں کی بامعنی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہم اقلیتوں کو بااختیار بنانے، ان کی ترقی اور فلاح کے لیے کام جاری رکھیں گے تاکہ بھائی چارے، ہم آہنگی اور یکجہتی کے ذریعے ایک خوشحال پاکستان تشکیل دیا جا سکے۔

Comments

No comments yet.

Effy Jewelry