ہفتہ ،13 ستمبر 2025 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

بلاول بھٹو زرداری کے قومی اسمبلی سے تاریخی خطاب پر تبصرہ

اداریہ

Editor

2 ماہ قبل

Voting Line

پاکستان کے سیاسی منظرنامے پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا خطاب ایک مضبوط، پراعتماد اور قوم دوست رہنما کی حیثیت کو مزید واضح کرتا ہے۔ قومی اسمبلی میں بلاول بھٹو نے نہ صرف ملک کی کامیابیوں کو اجاگر کیا بلکہ پاکستان کی سفارتی اور عسکری فتح کا تفصیل سے ذکر کرتے ہوئے ایک جامع بیانیہ پیش کیا۔

بلاول بھٹو نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی شدید مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے ایران کی خودمختاری پر حملے کو پورے خطے کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایسی جارحیت سے پاکستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک متاثر ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو ایسی جنگوں کی مخالفت کرنی چاہیے جو جھوٹے بیانیوں پر مبنی ہوں۔

بلاول بھٹو نے بھارت کی جارحیت کو بھرپور انداز میں چیلنج کرتے ہوئے پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کی تعریف کی۔ 2019 میں کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کا سامنا کرتے ہوئے موجودہ حکومت نے جس طرح چھ طیارے گرا کر دشمن کو جنگ بندی پر مجبور کیا، وہ پاکستانی عوام کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے۔

سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور پانی کے مسئلے پر بلاول بھٹو کی تنبیہ ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی اور قدرتی وسائل پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو ایک "شاندار اتحادی" قرار دیا گیا۔ بلاول بھٹو نے دفتر خارجہ اور سفارتی عملے کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کو کمیٹیوں کی قیادت سونپی گئی ہے، جو ملک کی سفارتی کامیابیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

بلاول بھٹو نے بجٹ پر بات کرتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو سراہا، خاص طور پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافے اور زرعی اصلاحات پر زور دیا۔ انہوں نے کسانوں کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کیا اور حکومتی پالیسیوں پر تنقید کے ساتھ مثبت تجاویز بھی پیش کیں۔

بلاول بھٹو کا پیغام واضح تھا کہ پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں، بلکہ امن چاہتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے خطے میں قیام امن کے لیے مذاکرات ضروری ہیں، مگر اپنی خودمختاری اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ وہ نہ صرف عسکری طور پر بلکہ سفارتی اور بیانیے کی سطح پر بھی ایک مضبوط ملک ہے۔ ان کی قائدانہ صلاحیتیں پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مستحکم اور پراعتماد ریاست کے طور پر پیش کر رہی ہیں۔

Comments

No comments yet.

Effy Jewelry