ہفتہ ،13 ستمبر 2025 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

بے نظیر ہنر مند پروگرام" — شہید بے نظیر بھٹو کے وژن کی تابندہ تکمیل

اداریہ

Editor

2 ماہ قبل

ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت بے نظیر ہنر مند پروگرام کا اجراء، نہ صرف ایک نئی پالیسی کا آغاز ہے بلکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے خوابوں اور فلسفے کی عملی تعبیر بھی ہے۔ اس پروگرام کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو بااختیار بنانا، انہیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا اور عالمی مارکیٹ میں روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے نہایت مؤثر انداز میں اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا بنیادی فلسفہ عام آدمی کو بااختیار بنانا ہے، چاہے وہ مزدور کا بیٹا ہو یا دیہی خاتون، ہر فرد کو باعزت روزگار فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے اب "بے نظیر ہنر مند پروگرام" کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کو باوقار روزگار اور خودکفالت کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔

یہ حقیقت قابلِ تحسین ہے کہ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو صرف ہنر نہیں سکھائے جائیں گے بلکہ جرمن اور چینی زبانوں کی تعلیم بھی دی جائے گی تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر بھی مقابلہ کرسکیں۔ نرسنگ جیسے باوقار شعبے میں تربیت فراہم کرنا اور اس کے لیے عالمی معیار اپنانے کی بات بھی صدر زرداری کے وژن کا حصہ ہے جو اس قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے عزم کی غماز ہے۔

تقریب میں خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کی شمولیت بھی نہایت اہم اور تاریخی لمحہ تھا۔ آصفہ بھٹو نہ صرف اپنی والدہ شہید بے نظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہیں بلکہ پاکستان کی نوجوان نسل کے لیے ایک نئی امید بھی بن رہی ہیں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے بھی بجا طور پر یہ کہا کہ یہ پروگرام صرف ایک اسکیم نہیں بلکہ ایک تحریک ہے — غربت کے خلاف، ناانصافی کے خلاف، اور محرومی کے خلاف۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے جس طرح سیلاب اور وبا کے دوران مستحقین تک فوری امداد پہنچائی، وہ اس کی مؤثر کارکردگی اور مضبوط ڈھانچے کی دلیل ہے۔

اس پروگرام کو نہ صرف قومی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے، جس کی تازہ ترین مثال جرمن حکومت کا تعاون اور آئندہ مالی سال کے لیے 716 ارب روپے کی خطیر رقم کی مختص شدگی ہے۔

آخر میں، ایوان صدر میں سابق وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹ کر یہ پیغام دیا گیا کہ ان کی جدوجہد، مشن اور وژن آج بھی زندہ ہیں، اور پاکستان پیپلز پارٹی ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔

بے نظیر ہنر مند پروگرام نہ صرف ایک اقتصادی منصوبہ ہے بلکہ ایک سماجی تحریک ہے، جو پاکستان کی نوجوان نسل کو وقار، خودمختاری اور کامیابی کی راہ پر گامزن کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ یہ پروگرام پاکستان میں ایک معاشی اور سماجی انقلاب کی بنیاد بن سکتا ہے، بشرطیکہ اس کو شفافیت، معیار اور مستقل مزاجی کے ساتھ جاری رکھا جائے۔

Comments

No comments yet.

Effy Jewelry