ہفتہ ،13 ستمبر 2025 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

اداریہ: بلاول بھٹو زرداری کی یورپ میں سفارتی کامیابی

اداریہ

Editor

2 ماہ قبل

Voting Line

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت پاکستانی وفد نے یورپ کا کامیاب سفارتی دورہ مکمل کیا ہے۔ برسلز اور اسٹراسبرگ میں ایک ہفتے پر مشتمل یہ دورہ نہ صرف پاکستان کے امن، موسمیاتی انصاف اور عالمی قوانین کے عزم کا عکاس تھا بلکہ یورپی رہنماؤں سے اسٹریٹیجک گفتگو کا محور بھی رہا۔

بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں وفد نے یورپی حکام کو جنوبی ایشیا میں سیکیورٹی کی بگڑتی صورتحال سے آگاہ کیا۔ یورپی پارلیمنٹ کی نائب صدر کرسٹل شالڈیموس اور ایم ای پی مائیکل گہلر سے ملاقاتوں میں وفد نے بھارت کی یکطرفہ اقدامات کی پالیسی اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

یہ ملاقاتیں محض تشویش کے اظہار تک محدود نہیں رہیں، بلکہ انہوں نے بین الاقوامی قوانین اور پرامن سفارتکاری کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے ان مسائل کو نہایت مہارت اور واضح انداز میں پیش کیا، جس سے یورپی قانون سازوں پر پاکستان کے مؤقف کا مثبت اثر پڑا۔

وفد نے موسمیاتی لچک، عدالتی آزادی، اور جی ایس پی پلس فریم ورک کے موضوعات پر بھی گہرائی سے گفتگو کی۔ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جی ایس پی پلس کا درجہ برقرار رکھنے کو یقینی بنایا گیا، جو یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے تجارتی تعلقات کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

ایف ای ٹی کے سربراہ ڈیوڈ میک ایلسٹر اور جے یو آر آئی کے سربراہ الہان کیوچیوک کے ساتھ ملاقاتوں میں انسانی حقوق اور قانونی اصلاحات پر بھی بات چیت ہوئی، جس نے دونوں فریقین کے درمیان تعاون کے دروازے مزید کھول دیے۔

یہ کامیابیاں ایسے وقت میں حاصل کی گئیں جب 2023 میں بھارت اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی حجم 113 ارب پاؤنڈ سے تجاوز کر چکا تھا۔ اس کے مقابلے میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی حجم صرف 11.8 ارب ڈالر تھا۔

ان چیلنجز کے باوجود، پاکستانی وفد نے یورپی رہنماؤں کو نہ صرف جی ایس پی پلس کے فوائد سے آگاہ کیا بلکہ خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے تعاون کا وعدہ بھی لیا۔

یہ دورہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں امریکہ اور برطانیہ میں کامیاب سفارتی مہمات کے بعد آیا ہے، جہاں انہوں نے اسی عزم اور حکمت عملی سے پاکستان کے مفادات کا دفاع کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کی سفارتکاری نے دنیا کے سامنے پاکستان کی امن پسند اور ذمہ دارانہ تصویر پیش کی ہے۔ ان کی قیادت میں یورپ کا یہ کامیاب دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان عالمی سفارتکاری میں اپنے مقام کو دوبارہ مستحکم کر رہا ہے۔

یہ کہنا بجا ہوگا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان نے نہ صرف سفارتی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں بلکہ دنیا کے سامنے ایک مثبت اور مضبوط پاکستان کا تصور پیش کیا ہے۔ ان کی یہ کامیابی پاکستان کی مستقبل کی سفارتی راہوں کو روشن کرے گی۔

Comments

No comments yet.

Effy Jewelry