لاہور چیمبر میں حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن کی ہنگامی پریس کانفرنس
افسر شاہی کی نااہلی کے باعث پینسٹھ ہزار سے زائد حجاج حج سے محروم، ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے: لاہور چیمبر

لاہور : لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ افسر شاہی کی نااہلی اور رکاوٹوں کی وجہ سے 65ہزار سے زائد حجاج حج سے محروم رہ گئے، حکومت ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کرے۔ پریس کانفرنس سے صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری، ایگزیکٹو کمیٹی رکن منظور حسین جعفری، چیئرمین پنجاب حج عمرہ آپریٹرز ایسوسی ایشن چودھری عادل صبور، عبدالجبار انجم، علی عمران، اویس جمیل، خواجہ سہیل اور دیگر نمائندگان نے خطاب کیا۔ پریس کانفرنس کے شرکاءنے شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری بیوروکریسی کی تاخیر، غیر ضروری پیچیدگیوں اور ناقص پالیسی سازی کی وجہ سے اس سال نجی حج اسکیم کے تحت رجسٹرڈ 65 ہزار سے زائد پاکستانی مقدس فریضہ حج ادا کرنے سے محروم رہ گئے۔انہوں نے بتایا کہ سعودی حکومت نے حج 2025 کے لیے 28 جون 2024 کو پالیسی کا اعلان کر دیا تھا، جبکہ پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے دانستہ تاخیر سے 27 نومبر 2024 کو پالیسی منظور کرائی جس کے سبب تقریباً پانچ ماہ ضائع ہو گئے۔ شرکاءنے اس سنگین غفلت پر متعلقہ افسران کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر یہ وضاحت بھی کی گئی کہ تمام متاثرہ حجاج کی رقوم سو فیصد محفوظ ہیں۔ اگر وہ 2026 میں حج پر جانا چاہیں تو بغیر کسی اضافی چارجز کے یہی رقم استعمال ہوگی، حتیٰ کہ پیکیج کی قیمت بڑھنے کی صورت میں بھی متاثرہ افراد سے اضافی رقم وصول نہیں کی جائے گی۔ تاہم اگر کوئی حاجی رقم کی واپسی چاہے تو مقررہ طریقہ کار کے تحت رقوم واپس کر دی جائیں گی۔صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد ، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مذہبی فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے نجی شعبے کی کوششوں کو سراہا جانا چاہیے نہ کہ بیوروکریسی کی نااہلی کے باعث اسے نقصان پہنچایا جائے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نجی حج اسکیم کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو مشاورت میں شامل کیا جائے اور آئندہ ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے ٹھوس اصلاحات کی جائیں۔
Comments
سب سے زیادہ پڑھا
تھائی لینڈ میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد

صدر آصف علی زرداری کا شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت

بلاول بھٹو کا وفاقی حکومت سے زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے اور سیلاب متاثرین کیلئے فوری ریلیف کا مطالبہ

ممتاز شاعرہ رخشندہ نوید کی شعری کلیات "دیپک" کی یادگار تقریب ِ پزیرائی

صدر مملکت کا خیبرپختونخوا میں کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

ہم خیال چاہئے کالم

بابائے سوشلزم شیخ رشید کی 23ویں برسی پر اہم سیمنار

No comments yet.