ہفتہ ،13 ستمبر 2025 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

ڈاکٹر حافظ عبدالکریم مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نئے امیر منتخب، فلسطین و کشمیر کے حق میں واضح موقف اپنانے کا عزم

ڈاکٹر حافظ عبدالکریم مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نئے امیر منتخب، فلسطین و کشمیر کے حق میں واضح موقف اپنانے کا عزم

Editor

3 ماہ قبل

Voting Line
 
 
 
 
*لاہور (سیاسی رپورٹر)* ڈاکٹر حافظ عبدالکریم مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نئے امیر منتخب ہو گئے ہیں۔ جمعیت اہل حدیث کے مرکزی دفتر 106 راوی روڈ لاہور میں منعقدہ مرکزی مجلس شوری کے اجلاس میں انہیں بھاری اکثریت سے بلامقابلہ امیر منتخب کر لیا گیا۔ اس انتخاب میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ملک کے چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے 600 ارکان شوری نے شرکت کی۔ یہ انتخاب پروفیسر ساجد میر کی وفات کے بعد خالی ہونے والے عہدے کے لیے کیا گیا ہے۔  
 
ڈاکٹر حافظ عبدالکریم اس سے قبل پانچ مرتبہ جماعت کے ناظم اعلی کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ، سینئر سیاستدان اور زیرک شخصیت کے مالک ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب کی جامعات سے دینی علوم کی تعلیم حاصل کی ہے جبکہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے اسلامیات کے شعبے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کی ہے۔ وہ رابطہ عالم اسلامی کی سپریم کونسل کے رکن بھی ہیں۔ سیاسی میدان میں ان کا کردار بھی نمایاں رہا ہے، وہ قومی اسمبلی کے رکن، مواصلات کے وفاقی وزیر اور سینیٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ سماجی و رفاہی خدمات کے میدان میں بھی انہیں خاصی مہارت حاصل ہے۔  
 
مجلس شوری کے اجلاس میں مرحوم پروفیسر ساجد میر کے صاحبزادے احمد میر نے بھی شرکت کی۔ نئے منتخب امیر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے مجلس شوری کے اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری امت مسلمہ ماضی کی طرح سعودی عرب کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے فلسطین کے مسئلے پر سعودی عرب اور حکومت پاکستان کے موقف کی مکمل تائید کی اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو بھارتی فوج کے مظالم سے نجات دلانے کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایک پیشہ ور اور چوکس فوج ہے۔  
 
انہوں نے کہا کہ جماعت اہل حدیث کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے پر میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے اکابرین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک میں قرآن و سنت کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے کوشاں رہیں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ قرآن و سنت کی دعوت عام کرنے اور تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دینی شعائر، مدارس، علماء اور کارکنان کا احترام بحال رکھنے کے لیے کوئی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔  
 
اجلاس میں ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے بھارت اور اسرائیل کے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کشمیریوں اور فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ارکان شوری، علماء اور جماعت کے کارکنان کے حقوق کا تحفظ کریں گے اور ان کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو سیاسی جماعتیں سیاست کے نام پر ملک و قوم اور افواج پاکستان کی کردار کشی کرتی ہیں، انہیں اپنے رویے پر غور کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے لیے فتنہ و فساد پھیلانے والے اور عوام کو افواج پاکستان کے خلاف ورغلانے والے اپنے اعمال کی سزا بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں ملک کی ساکھ کو جو نقصان پہنچا تھا، اس کا ازالہ حکومت اور افواج پاکستان نے کیا ہے اور اب پاکستان کے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔
 
 
Comments

No comments yet.

Effy Jewelry